ن لیگ، پی پی کی سیاست بندگلی میں داخل ہوچکی، ترجمان پنجاب حکومت
لاہور (آن لائن) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی سیاست بند گلی میں داخل ہو چکی ہے جہاں سے واپسی کا کوئی راستہ نہیں۔حکومت کے سامنے کوئی اپوزیشن نہیں ہے جنہیں اپوزیشن کا کردار نبھانا چاہیے انہیں کرپشن کی وجہ سے اپنے لالے پڑ ے ہوئے ہیں اور اسی آڑ میں حکومت کے خلاف پراپیگنڈا کیا گیا جس سے عوام مرعوب نہیں ہوئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں وفد سے ملاقات میں گفتگو کے دوران کیا۔ مسرت جمشید کا کہنا تھا کہ حکومت کوروناسے پیدا ہونے والے حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ہرگز کسی غفلت کی مرتکب نہیں ہو گی۔کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کی استعداد بڑھائی جارہی ہے اور اس میں روزانہ کی بنیاد پر مزید پیشرفت جاری ہے۔ یہ ایسی جنگ ہے جو حکومت اور عوام مل کر ہی جیت سکتے ہیں، حکومت کاروبار کھولنے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات پرمن و عن عملدرآمد کرے گی، ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنا کر ہی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کی معاشی مشکلات کو پیش نظر رکھتے ہوئے لاک ڈاؤن میں نرمی کی ہے اس لئے عوام پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے طے کئے گئے ایس او پیز پر عملدرآمد کریں۔
مسرت جمشید چیمہ