بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے پولیس ملازمین کے اعزاز میں تقریب

بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے پولیس ملازمین کے اعزاز میں تقریب

  

لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہوررائے بابر سعید نے کہا ہے کہ لاہور پولیس کے لئے جرائم کی سرکوبی کے ساتھ کورونا ایمرجنسی صورتحال میں شہریوں اور خود کو کورونا کے خطرات سے محفوظ رکھ کر فرائض کی انجام دہی ایک اہم چیلنج ہے۔ کورونا وبا کی سنگین صورتحال میں بھی پولیس کا ہر افسر اور جوان خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک سپاہی کے لئے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی شے نہیں۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔رائے بابر سعید نے کہا کہ سمارٹ کمیونٹی پولیسنگ اور شہریوں سے خوش اخلاقی کامیابی کا اولین راستہ ہے۔ رائے بابر سعید نے کہاکہ پولیس مورال میں اضافہ کیلئے اچھی کارکردگی پر فورس کی حوصلہ افزائی انتہائی ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں اچھی کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و جوانوں میں تعریفی اسناد و نقد انعامات تقسیم کرنے کی تقریب کے دوران کیا۔ڈی آئی جی آپریشنز آفس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا تھا۔

ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید نے فرائض منصبی پیشہ ورانہ انداز میں دیانتداری اور جرات سے ادا کرنے والے افسران و جوانوں میں انعامات تقسیم کئے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس پی کینٹ فرقان بلال،ایس پی سول لائنز دوست محمد،ایس پی انوسٹی گیشن کینٹ علی بن طارق،ایس پی سٹی رضا صفدر کاظمی،ڈی ایس پی اولڈ انار کلی ارشد کانجو، ڈی ایس پی برکی محمد توصیف، ڈی ایس پی نولکھا وقار الحسن،ڈی ایس پی ٹبی سٹی علی اختر، ڈی ایس پی گوالمنڈی افتخار احمد اعوان،ڈی ایس پی سرورروڈ ذوالفقار بٹ،انسپکٹرشاہ زیب خان،انسپکٹرظہیر الدین،انسپکٹر عدیل سعید،انسپکٹر ریحان ضیاء،انسپکٹر مقصود حیات، انسپکٹر حسن رضا اور انسپکٹر زاہد حسین،سب انسپکٹرز وقاص الحسن،خرم شہزاد، آصف ادریس، یاسر بشیر، عاطف اقبال، سب انسپکٹرز محمد رضا،علی اصغر، اے ایس آئی عمران علی، کانسٹیبلز محمد عرفان،مسلم حسین،ریحان اورکانسٹیبل محمد عرفان میں تعریفی اسناد اور نقد انعام تقسیم کئے۔رائے بابر سعید نے انعام حاصل کرنے والے افسران و جوانوں کو شاباش دی اور امید ظاہر کی کہ وہ شہریوں کی خدمت کیلئے اپنی صلاحتیں مزید بہتر انداز میں بروئے کار لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ انعام پانے والے افسران اور جوانوں نے امن کے قیام کیلئے دشوار حالات کا سمجھداری اور پیشہ وارانہ انداز میں سامنا کیا۔رائے بابر سعید نے کہا کہ کرائم روکنے والے افسران واہلکار باعث فخراوردیگر ملازمین کیلئے قابلِ تقلید ہیں۔ محنتی،ایماندار اور فرض شناس افسران وجوان ہماری آنکھ کا تارا ہیں۔

مزید :

علاقائی -