لوکل گورنمنٹ اکیڈمی کا قیام خوش آئند، بلدیاتی نظام کو مضبوط بنائینگے: عثمان بزدار

    لوکل گورنمنٹ اکیڈمی کا قیام خوش آئند، بلدیاتی نظام کو مضبوط بنائینگے: ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر،نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ لاہور میں پنجاب لوکل گورنمنٹ اکیڈمی کا قیام خوش آئند اور قابل تحسین امر ہے اور اس اکیڈمی کے قیام کا مقصد بلدیاتی نظام کو مضبوط اور موثر بنانا ہے، لوکل گورنمنٹ اکیڈمی میں عوامی نمائندگان اور لوکل گورنمنٹ آفیشلز کو عصر حاضر کے مطابق ٹریننگ دی جائے گی جبکہ محکمہ بلدیات کو دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب لوکل گورنمنٹ اکیڈمی کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب لوکل گورنمنٹ اکیڈمی کے منصوبے کی تختی کی نقاب کشائی اور دعائے خیر کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپرومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام کی ویب سائٹ بھی لانچ کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی موجودگی میں ”ایکسکویٹر“کے ذریعے کھدائی شروع کرکے منصوبے کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ جوہر ٹاؤن لاہور میں انٹر میڈیٹ سٹیز امپرومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام کے تحت پہلی لوکل گورنمنٹ اکیڈمی ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے مالی اشتراک سے تعمیر کی جائے گی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سے پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی اور دیگر رہنماؤں نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گڈ گورننس کیلئے پروفیشنلز کو سامنے لانا ہوگا،عوام کی خدمت کیلئے پارٹی کی تجاویز اور سفارشات کا خیرمقدم کریں گے،لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا چاہتے ہیں لہٰذاکارکن ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی نوازشات کا دور ختم ہوا، بورڈ اور کمیٹیوں میں صرف پروفیشنلز آئیں گے جبکہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا بورڈ از سر نو تشکیل دینے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں عوامی نمائندگان کو فہرستیں فراہم کرکے انصاف امداد پروگرام کی ری چیکنگ کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سینئر پارٹی رہنماؤ ں کی تجاویز اور سفارشات پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی، سینئر نائب صدر ارشد داد، صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، ڈاکٹر مراد راس، ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمر فاروق، صوبائی سیکرٹری برائے گڈ گورننس اعجاز مہناس، وزیراعلیٰ شکایت سیل کے سربراہ زبیر نیازی، سوشل میڈیا کے سربراہ ڈاکٹر کامران اور سلمان امجد شامل تھے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمدچودھری نے ٹیلی فونک رابطہ کیا،دونوں رہنماؤں کے درمیان پنجاب میں کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی صورتحال سمیت اہم امورپر تبادلہ خیال کیا۔

سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -