سفید پوش طبقہ مخیر حضرات کی توجہ کا طلبگار ہے،چوہدری اکرم
چوہنگ(نامہ نگار) سماجی راہنماء و چیئرمین برائٹ فورسز چوہدری محمد اکرم نے ضرورتمندوں میں راشن تقسیم کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن سے متاثر دیہاڑی دار اور سفید پوش طبقہ معاشرے کے مخیر حضرات کی توجہ کا طلب گار ہے۔اس لیے ہمیں آگے بڑھ کر ماہ صیام میں نیکیاں سمیٹنے اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے اپنے اردگردموجود مستحق بہن بھائیوں کی مدد کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ خدمت خلق محبت الٰہی کا تقاضا، ایمان کی روح اور دنیا و آخرت میں کامیابی و کامرانی کا ذریعہ ہے۔ خدمت خلق کی تعلیم اور اس پر عمل کا نمونہ بھی حیات نبوی ﷺ میں مکمل موجود ہے،خدمت خلق اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کے ساتھ اس کے پیارے محبوبؐ کی سنت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے باعث ہونیوالے لاک ڈاؤن سے متاثر دیہاڑی دار اور سفید پوش طبقہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔ انشاء اللہ بہت جلد کرونا وائرس کا خاتمہ ہوگا اور معمولات زندگی بحال ہو جائیں گے۔