فلو ر ملز ایسوسی ایشن کے وزیر خوراک سے مذاکرات کامیاب، ہڑتال ختم کرنیکا اعلان

فلو ر ملز ایسوسی ایشن کے وزیر خوراک سے مذاکرات کامیاب، ہڑتال ختم کرنیکا ...

  

لاہور(لیڈی رپورٹر) سینئر وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان سے فلور ملز ایسوسی ایشن کے 10رکنی وفد نے ملاقات کر کے اپنے تحفظات دور ہونے کی یقین دہانی پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔سینٹرل چیئرمین عاصم رضا اور صوبائی صدر عبدالرؤف مختار کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے طے پایا کہ عید الفطر تک آٹے کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوگا اور ضلعی انتظامیہ بھی فلور ملز پر چھاپے نہیں مارے گی جبکہ محکمہ خوراک کو ان ملوں تک رسائی حاصل ہوگی۔ وزیر خوراک عبدالعلیم خان نے کہا کہ فلور ملوں کو 72گھنٹے کے بجائے7دن کی گندم ذخیرہ کرنے کی اجازت دے رہے ہیں لیکن فلور ملز اپنے سٹاک ڈکلیئر کریں گی۔انہوں نے اجلاس کے دوران ہی چیف سیکرٹری پنجاب سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہیں نئی ہدایات ڈویژن اور ڈسٹرکٹ کی سطح تک پہنچانے کا حکم دیا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ گندم کی خرید اور فلور ملز کے معاملات کیلئے نیا میکنزم تشکیل دینا چاہتے ہیں جس کیلئے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پر ہونا چاہیے اور اس مقصد کے لئے عید کے فوری بعد محکمہ خوراک اور فلورملز کا مشترکہ اجلاس ہو گا۔ حکومت کا کام خام مال کی خریداری نہیں بلکہ فلور ملز کو ریگولیٹ کرنے اور سہولت پہنچانے کا ہونا چاہیے۔ پنجاب حکومت گندم کی خرید اری پر بھاری رقم خرچ کرتی ہے جبکہ اسے ذخیرہ کرنے اور دوبارہ فلور ملوں تک پہنچانے کے عمل پر بھی بھاری اخراجات آتے ہیں۔ گندم اور باردانے کی خرید اری کیلئے نیا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔عبدالعلیم خان نے فلور ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اپنی تجاویز مرتب کریں جن کی روشنی میں اگلا روڈ میپ تشکیل دیا جائے گا۔اجلاس میں طے پایا کہ عید کے بعد صوبہ کے پی کے کی فلور ملز کوبھی گندم کی فراہمی شروع کر دی جائے گی البتہ گندم کی خرید اری کے پی کے کا محکمہ خوراک پنجاب حکومت کے تعاون سے کرے گا۔

ہڑتال ختم

مزید :

صفحہ آخر -