وفاقی حکومت ملک میں کورونا وائرس جان بوجھ کر پھیلا نا چاہتی ہے: پیپلز پارٹی

وفاقی حکومت ملک میں کورونا وائرس جان بوجھ کر پھیلا نا چاہتی ہے: پیپلز پارٹی

  

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو اور پیپلزپارٹی کور کمیٹی کے رکن سینیٹر تاج حیدر نے حکومت کی جا نب سے کورونا وائرس پھیلانے کی کو ششو ں کو ظالمانہ قرار دیدیا۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ پہلے تو تفتان اور بین الاقوامی ہوائی اڈوں سے کورونا کے مریضوں کو پاکستان میں آنے دینے سے کورونا پھیلا، اس کے بعد حکو مت کی جانب سے بی آئی ایس پی کے پیسے تقسیم کرنے کیلئے صرف دو بینکوں کا استعمال کیا گیا جس کی وجہ سے عوام کا رش ہوا اور کورونا پھیلا۔ اب حکومت پبلک ٹرانسپورٹ کھول کر ایک دفعہ پھر غریبوں کو کورونا کے حوالے کر رہی ہے۔ ان سارے منفی اقدامات سے صرف غریب لوگوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ بی آئی ایس پی کی رقم گذشتہ مہینوں میں نہیں ادا کی گئی تھی اور اکٹھے تین ماہ کی رقم دے کر اسے ریلیف امداد کا نام دیدیا گیا۔ روزانہ اجرت پر کام کرنیوالوں کو وفاقی حکومت سے اب تک کوئی مدد بہم نہیں پہنچائی گئی جبکہ سندھ حکومت اور این جی اوز نے ان غریبوں کی مدد کی۔ پیپلز پارٹی کے دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ چین سے ہمیں کورونا سے لڑنے کیلئے متعدد ادویات اور سازوسامان بھیجا گیا لیکن ملک میں کورونا سے لڑنے کیلئے کوئی حکمت عملی نہیں بنائی گئی۔ اچھی حکمت عملی کے تحت ویتنام جیسے کمزور ملک نے وباء کا کامیابی سے سدباب کیا، جبکہ ہماری وفاقی حکومت کو انسانی جانوں کی کوئی پرواہ نہیں۔ جن بچوں کو ہم نے سکول بند کرکے کورونا سے بچایا تھا اب انہی بچوں کو بازاروں میں لے جا کر کورنا کے سامنے پھینکا جا رہا ہے۔ ہمارا صحت کا نظام اب مزید بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں رہا کیونکہ ہم لوگ سائنسدانوں اور صحت کے ماہرین کی باتوں پر کان نہیں دھر رہے۔ دونوں لیڈروں نے متنبہ کیا کہ صحت کی سہولیات کے بغیر معیشت کو نہیں سنبھالا جا سکتا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ماہرین کی باتوں پر مکمل توجہ دیں، سماجی دوری کا خیال رکھیں،جبکہ کورونا سے شہید ہونیوالوں کی یاد میں عید بھی سادگی سے منائیں۔

پیپلز پارٹی

مزید :

صفحہ آخر -