باجوڑمیں عید الفطر کیلئے فل پروف سکیورٹی پلان تشکیل دے دیاگیا

باجوڑمیں عید الفطر کیلئے فل پروف سکیورٹی پلان تشکیل دے دیاگیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


باجوڑ(نمائندہ پاکستان) باجوڑمیں عید الفطر کیلئے فل پروف سکیورٹی پلان تشکیل دے دیاگیا۔اس حوالہ سے ایک اجلاس زیر صدارت ڈپٹی کمشنر باجوڑ فیاض شیرپاؤ منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ پیر شہاب علی شاہ، اسسٹنٹ کمشنر خار فضل رحیم، اے سی ناوگئی حبیب اللہ وزیر اور ایف سی171ونگ کے کمانڈرلیفٹنٹ کرنل خلیل نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ عید گاہوں کی حفاظت کیلئے پولیس فورس تعینات ہونگے اور ساتھ ساتھ کوروناوائرس سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر باجوڑ فیاض شیرپاؤ نے کہا کہ بازاروں کے سکیورٹی کیلئے بھی خصوصی انتظامات کی جائیگی،پولیس اہلکاروں اور آفیسران کی چھٹیاں منسوخ کردی جائیگی۔ ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں پراضافی ناکہ بندیاں لگانے کا فیصلہ کیاگیا،اہم وحساس مقامات،مساجد، عید گاہوں،تجارتی مراکز اور بازاروں میں سیکورٹی کیلئے پولیس افسران و اہلکار تعینات ہونگے جبکہ پولیس موبائل پیٹرولنگ میں بھی اضافہ کر نے کا فیصلہ کیاگیا۔ عید الفطر کے دوران امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے ضلعی پولیس کو فل پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کے احکامات جاری کردی گئی ہیں۔ تجارتی مراکز میں غیر معمولی رش کو کنٹرول کرنے کیلئے سپیشل روٹس مقرر کر دی جائیگی جبکہ ٹریفک پولیس اہلکاروں کی اضافی نفری بھی تعینات کردی جائیگی جو کہ ڈیوٹیاں سر انجام دینگے۔ ڈی سی فیاض شیرپاؤ نے بتایا کہ نمازعید کے موقع پر کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے علمائے کرام اور عوام کو ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔ڈپٹی کمشنر باجوڑ فیاض شیرپاؤ نے عوام الناس اور تاجر برادری سے اپیل کی کہ اپنے اردگرد مشکوک افراد، اشیاء،گاڑی اور بیگ وغیرہ پر نظر رکھیں اورکسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوراً پولیس کو اطلاع دیں تاکہ کوئی ناخوش گوار واقعہ رونما نہ ہوسکیں۔