صنعتکاروں کا ایس ایم ایز کے 3ماہ کے بجلی معاف کرنے پر وزیراعظم سے اظہار تشکر

صنعتکاروں کا ایس ایم ایز کے 3ماہ کے بجلی معاف کرنے پر وزیراعظم سے اظہار تشکر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اکنامک رپورٹر) نارتھ کراچی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(انکاٹی) کے سرپرست ِ اعلی کیپٹن اے معیزخان اورصدر محمد نسیم اختر نے وفاقی حکومت کی جانب سے چھوٹی اور درمیانی درجے صنعتوں کے3ماہ کے بجلی بل معاف کرنے کے اعلان کا شاندار الفاظ میں خیرمقدم کرتے ہوئے موجودہ سنگین معاشی بحران میں اہم فیصلہ قرار دیا ہے اور وزیراعظم عمران خان، مشیر خزانہ حفیظ شیخ،وزیر منصوبہ بندی اسد عمر،وفاقی وزیر صنعت حماد اظہر،مشیرتجارت وسرمایہ کاری عبدالرزاق داؤدسمیت تحریک انصاف کی معاشی ٹیم سے اظہار تشکرکیا ہے۔ ایک بیان میں نکاٹی کے رہنماؤں نے کہاکہ تاریخ میں پہلی بار چھوٹی اوردرمیانے درجے کی صنعتوں کو براہ راست ریلیف دیا گیا ہے جس سے یقینی طور پر مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور ملک کرونا کی موجودگی کے باوجود ایک بار پھر معاشی سرگرمیوں کاگہوارہ بنے گا۔انہوں نے کہاکہ کرونا وباکے ملکی تجارت وصنعت پر تباہ کن اثرات پڑے ہیں جس سے صنعتوں باالخصوص چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں کو شدید مالی نقصانات کا سامنا ہے بلکہ ان کے لیے اپنی بقا قائم رکھنا بھی ممکن دکھائی نہیں دے رہا لہٰذا حکومت کا تجارت وصنعت کو ریلیف دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔کیپٹن معیزخان اور نسیم اختر کاکہناتھاکہ ملک میں جاری سنگین معاشی بحران میں حکومت کی جانب سے چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں کے 3ماہ کے بجلی بل اداکرنے کے اعلان سے تباہ حال صنعتوں کوکافی حد تک ریلیف ملے جنہوں نے کرونا وبا کی وجہ سے شدید مالی نقصانات برداشت کرنے کے باوجود حکومت کے ہر فیصلے کی نہ صرف حمایت کی بلکہ اپناہر ممکن تعاون پیش کیا۔نکاٹی کے رہنماؤں کاکہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے اس اقدام سے چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں پر مشتمل نارتھ کراچی صنعتی ایریا کوسب سے زیادہ فائدہو گا جہاں پاور، لومز، گارمنٹس، ڈائنگ، بلیچنگ،فارما سمیت 2ہزار سے2500چھوٹی، بڑی صنعتیں قائم ہیں جوبالواسطہ طور پربرآمدات سے منسلک ہیں لہٰذا 3ماہ کے بجلی بل حکومت کی جانب سے ادا کرنے سے ان صنعتوں کواپنی پیداواری سرگرمیاں دوبارہ بحال کرنے اور لاگت کو کم کرنے میں مدد ملے گی جس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور ملک ایک بار پر ترقی کی شاہراہ ہر گامزن ہوسکے گا۔