اے این پی کی جانب سے نکاسی آب کے عدم نظام پر توجہ دلا ؤ نوٹس جمع
پشاور(پ ر) عوامی نیشنل پارٹی نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں صوابی بونیر مین شاہراہ پر نکاسی آب کے عدم انتظام بارے توجہ دلاؤ نوٹس خیبرپختونخوا اسمبلی میں جمع کرادیا ہے۔ اے این پی کے پارلیمانی لیڈر سردارحسین بابک کے جانب سے جمع کرائے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ صوابی بونیر روڈ میں موضع محصول کوٹھے مین شاہراہ پر نکاسی آب کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بین الاضلاعی شاہراہ پر ہر وقت پانی کا تالاب کھڑا ہوتا ہے۔ انتظامیہ اور محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی نااہلی، غفلت اور ناکامی نے مسئلے کو مزید گھمبیر بنادیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ علاقہ میں مضر جراثیم اور بیماریاں پھیل گئی ہیں۔ پیدل آنے جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محصول کوٹھے کے مکین انتہائی مشکل کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ نوٹس کے مطابق پرائمری سکول کی موجودگی اور سکول سے پیوست دیوار کیساتھ سالوں سال گندا پانی کھڑا رہتا ہے جس سے بے شمار بیماریاں پھیل جاتی ہے۔ نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت انتظامیہ اور سی اینڈ ڈبلیو کو محصول کوٹھے روڈ پر کھڑا پانی اور نکاس آب کا انتظام فوری اور ہنگامی طور پر کرنے کے احکامات جاری کریں۔