چارسدہ، پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں کروڑوں کے غبن کا انکشاف
چارسدہ(بیورورپورٹ) پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ چارسدہ میں کروڑوں روپے غبن کرنے کا انکشاف، محکمہ نے اپنی کرپشن کے لئے کیپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹینڈر تین دن پہلے کھول دیا۔ ایکسین خود کو صوبائی وزیر ضیاء اللہ بنگش کا چچا زاد بھائی کہہ کر ٹھیکداروں کو دھمکیاں دے رہے ہے۔ کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کا ایکسین پبلک ہیلتھ پر الزام۔ تفصیلات کے مطابق چارسدہ میں محکمہ پبلک ہیلتھ کرپشن کاگڑھ بن چکا ہے اور آئے روز کرپشن کی نئی کہانیا ں سامنے آرہی ہے۔چارسدہ میں نو تعینات ایکسین جنید خان خود کو صوبائی وزیر ضیاء اللہ بنگش کا چچا زاد بھائی ظاہر کرکے صوبائی وزیر کے ذریعے کنٹریکٹر کو دبانے اور ان کے حقوق سلب کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس پر کنٹریکٹرز نے وزیرعلیٰ سے فوری طور پر نوٹس لینے کامطالبہ کیا ہے۔ اس حوالے سے کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر میر اکبر اور حبیب اللہ خان کا کہنا تھا کہ 7مئی 2020کو مختلف اخبارات میں چارسدہ کے 36یونین کونسلوں میں ایم پی ایز کے فنڈز میں ترقیاتی سکیموں کے لئے محکمہ کی جانب سے ٹینڈر دیا گیا تھا جس کے حصول کے لئے چارسدہ کے مختلف کنٹریکٹرز نے اپلائی کیا تھا،کیپرا رولز کے مطابق کوئی بھی ٹینڈر مشتہر ہونے کے دو ہفتے بعد کھولا جائے گا لیکن ایکس سی این کی ہدایت پر ٹینڈر 12دن بعدکھول دیا گیا جو کہ غیرقانونی اور کیپرا رولز کے خلاف ورزی ہے۔ اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ کیجانب سے کنٹریکٹرز کو اپلائی کی آن لائن لسٹ فراہم نہیں کی جا رہی جس سے محکمہ میں کرپشن کے راستے کھولے جا رہے ہیں۔کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے راہنماؤں کیجانب سے الزام عائد کیا گیا کہ ہر سال دفاتر کے مرمت اور دیگر ضروریات کے لئے ایک کروڑ روپے منظور کئے جاتے ہیں لیکن اس میں ایک لاکھ روپے کا کام بھی نہیں ہوتا جبکہ افسران کی ملی بھگت سے محکمہ کیااہلکاریہ پیسے اپنے جیبوں میں ڈال دیتے ہیں۔ کنٹریکٹر ایسوسی ایشن نے الزام عائد کیا کہ ایکسین پبلک ہیلتھ جنید خان اپنے آپ کو صوبائی وزیر ضیاء اللہ بنگش کا چچا زاد بھائی ظاہر کرتا ہے اور اسی کے نام پر دوسرے کنٹریکٹر کو ڈرا دھمکا کر خاموش کرنے کی کوشش کرتا ہے۔اس حوالے سے انہوں نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواں محمود خان سے پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں غیر قانونی ٹینڈر کھولنے اور کرپشن میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ کیاہے۔دوسری جانب ایکسین جنید خان نے کنٹریکٹرز کی جانب سے لگائے گئے تمام الزمات کویکسرمسترد کرتے ہوئے کہا کہ ٹینڈر کے کھولنے میں کسی قسم کی کیپرارولز کی خلاف ورزی نہیں کی گئی ہے جبکہ تمام کنٹریکٹرز کو اپلائی کی آن لائن لسٹ فراہم کردی جائے گی دوسری جانب جنید خان صوبائی وزیر ضیاء اللہ بنگش کے پہنچانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا صوبائی وزیر کے ساتھ کسی قسم کی رشتہ داری یا تعلق نہیں ہے۔