خدمت خلق کا سفر جاری ہے ہم کراچی میں پہلے بھی موجود تھے اور آئندہ بھی ہونگے: میئر کراچی

خدمت خلق کا سفر جاری ہے ہم کراچی میں پہلے بھی موجود تھے اور آئندہ بھی ہونگے: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ خدمت خلق کا سفر جاری رہے گا ہم کراچی کے شہریوں کے درمیان پہلے بھی موجود تھے اور آئندہ بھی ان کے ساتھ ہوں گے، منتخب بلدیاتی نمائندے شہریوں کے مسائل کے حل کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے دکھ درد میں بھی برابر کے شریک ہیں اور علاقوں کے بلدیاتی مسائل کودستیاب فنڈ میں حل کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں، یہ بات انہوں نے یوسی11- لائنز ایریا میں تحفہ سحری کی تقسیم کا آغاز کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ایسٹ کے چیئرمین معید انور، ممبر رابطہ کمیٹی فرقان اطیب، چارجڈ پارکنگ کمیٹی کے ایم سی کے چیئرمین محمد مرسلین، کچی آبادی کے چیئرمین سعد بن جعفر، یوسی9- کے چیئرمین آصف عظیم اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کے کارکنان بھی بڑی تعداد میں موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث شہریوں کی آمدورفت کو محدود کیا گیا، کاروبار، تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کو بند کیا گیا جس سے شہر کا بہت بڑا نقصان ہوا ہے اور چھوٹے تاجر اور دکاندار اس بات پر سراپا احتجاج ہیں، انہوں نے کہا کہ معیشت کا پہیہ چلنے سے ہی شہریوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور اگر ان سے یہ مواقع بھی چھین لئے جائیں تو وہ اپنی اور اپنے خاندان کی کفالت کس طرح کریں گے، عدالت عظمیٰ نے تاجروں اور دکانداروں کی داد رسی کی ہے اور چھوٹے دکانداروں، مارکیٹوں میں کام کرنے والے افراد اور خصوصاً روزانہ اجرت پر کام کرنے والے محنت کشوں کو عدالت کے اس فیصلے سے بہت بڑا ریلیف ملا ہے، میئر کراچی نے کہا کہ حفاظتی اقدامات اپنی جگہ ہیں لیکن یہ حکومت کا فرض تھا کہ وہ ایس او پیز پر عمل کراتی اور شہریوں کا روزگار چھیننے کے بجائے انہیں ایس او پیز کے ساتھ مواقع مہیا کرتی کہ وہ اس وباء سے بھی بچیں اور اپنے کاروبار کو بھی جاری رکھیں، انہوں نے کہاکہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کے زیر انتظام آج لائنز ایریا کے مستحق افراد اور مساجد میں اعتکاف میں بیٹھے ہوئے افراد کو تحفہ سحری پہنچایا جارہا ہے، رمضان المبارک رحمتوں، برکتوں اور سعادتوں کا مہینہ ہے اور اس کا آخری عشرہ اس بات کا متقاضی ہے کہ خدمت خلق کے جتنے بھی کام ممکن ہوں بھرپور انداز میں کئے جائیں، کیا معلوم کہ آئندہ یہ ماہ مبارک کس کو نصیب ہو، تحفہ سحر و افطار ہر ٹاؤن میں شروع کیا گیا ہے جو لوگ اپنا قیمتی وقت اپنے خاندان کو چھوڑ کر خدمت خلق کے کاموں میں صرف کر رہے ہیں وہ قابل مبارکباد ہیں، خدمت خلق فاؤنڈیشن ایک بار پھر فعال ہوئی ہے جس کے باعث بڑے پیمانے پر شہریوں کو راشن پہنچانے کے ساتھ ساتھ تحفہ سحر و افطار بھی گھر گھربھیجا جا رہا ہے، کورونا وائرس سے جو لوگ متاثر ہوئے ہیں ان کی بحالی اور مدد کے لئے ہم پہلے بھی کام کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے، اس موقع پر مرکزی الیکشن کمیٹی ایم کیو ایم کے رکن شکیل بھائی کی والدہ کے انتقال پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

مزید :

صفحہ اول -