دہشت گردی کے واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے، صادق سنجرانی
اسلام آباد (این این آئی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی حکومت، سیکورٹی اداروں، عوام اور پارلیمان کا عزم غیر متزلز ل ہے اور دہشت گردی کے واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ اپنے بیان میں صادق سنجرانی نے بلوچستان میں دہشت گردی کے دو مختلف واقعات میں جام شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے ان بہادرسپوتوں پر ہمیں فخر ہے اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ چیئرمین سینیٹ نے شہداء کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ دہشت گرد تخریبی کارروائیوں سے پاکستان میں ترقی کے عمل کو سبوتاڑ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں تاہم پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے سے اکھاڑنے کے لئے پر عزم ہے۔ڈپٹی چئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے بھی دہشت گردی کے ان واقعات کی سخت مذمت کی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
صادق سنجرانی