ٹرین آپریشن 56 روز بعد بحال کر دیا گیا

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) ملک بھر میں 56 روز بعد ٹرین آپریشن کا آغاز آج سے ہو گیا ہے، اس سلسلے میں کراچی، لاہور، راولپنڈی، کوئٹہ اور پشاور ریلوے سٹیشنز پر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، صبح سویرے کئی ٹرینیں اپنی منازل کے لیے روانہ بھی ہو گئیں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق کرونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے سلسلے میں معطل ٹرین آپریشن کا آج سے پھر آغاز ہو گیا ہے، آج سبک رفتار صبح ساڑھے7 بجے لاہور سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی، راولپنڈی ریلوے سٹیشن سے صبح سویرے 2 ٹرینیں روانہ ہو گئیں، پشاور کینٹ سٹیشن سے آج 3 ٹرینیں چلائی جائی جا رہی ہیں۔
قراقرم ایکسپریس دوپہر 3 بجے لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوگی، پاک بزنس ایکسپریس سہ پہر ساڑھے4 لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوگی، شاہ حسین ایکسپریس شام 7 بجے لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوگی، راولپنڈی سے پاکستان ایکسپریس 393 مسافروں کو لے کر کراچی روانہ ہو گئی، دوسری ٹرین سبک رفتار لاہور روانہ ہوئی۔
کراچی سے پشاور کے لیے عوام ایکسپریس صبح 10 بجے روانہ ہوگی، پشاور کینٹ اسٹیشن سے آج 3 ٹرینیں چلائی جائی جا رہی ہیں، عوامی ایکسپریس ساڑھے 8 بجے کراچی کے لیے روانہ کی جائے گی، کوئٹہ کے لیے جعفر ایکسپریس ساڑھے 9، کراچی کے لیے خیبر میل رات 11 بجے روانہ ہوگی۔ ڈی ایس ریلوے کے مطابق کوئٹہ سے آج صرف ایک ہی ٹرین چلائی جا رہی ہے، جعفر ایکسپریس صبح 9 بجے کوئٹہ سے پشاور روانہ ہوگی، مسافروں کو ٹرین میں فاصلے پر بیٹھایا جائے گا۔
محکمہ ریلوے نے ٹرین میں سفر کے لیے ایس او پیز جاری کر دیے، ٹرین کے ہرسٹاپ، سٹیشن پر ہر ایک گھنٹے بعد جراثیم کش سپرے کیا جائے گا، جراثیم کش سپرے میڈیکل آفیسر کی نگرانی میں ہوگا، ہرسٹیشن کا میڈیکل آفیسر سپرے کیے جانے کا سرٹیفکیٹ جاری کرے گا، کراچی سے لاہور، راولپنڈی اور پشاور جانے والی ٹرینیں براستہ ملتان جائیں گی، ہرسٹیشن پر 24 گھنٹے میڈیکل آفیسر ڈیوٹی دے گا۔
سٹیشن پر کھانے پینے کے سٹال پر اسپرے کی ذمہ داری مالک کی ہوگی،سٹیشن کے 200 میٹر اطراف تک کی ذمہ داری ریلوے اور ضلعی پولیس کی ہوگی، کسی بھی غیر متعلقہ شخص کی اسٹیشن پر موجودگی کا ذمہ دار ایس ایچ او ہوگا، مسافروں کی سینیٹائزنگ، حرارت چیک کرنے کا ذمہ دار میڈیکل آفیسر ہوگا، مسافروں میں سماجی فاصلے، ایس او پی پر عمل درآمد کی ذمہ داری ٹرین سٹاف کی ہوگی۔
مسافروں کو ٹرین روانگی سے ایک گھنٹہ پہلے سٹیشن میں داخلے کی اجازت ہوگی، سٹیشن سے 200 میٹر تک کا ایریا غیر ضروری افراد کے لیے بند کر دیا جائے گا، مسافروں کے ساتھ سٹیشن کوئی اور شخص داخل نہیں ہو سکتا، ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ دوران سفر مسافروں کا ٹمپریچر چیک کیا جائے گا۔
لاک ڈاو¿ن کے دوران عید الفطر کے موقع پر ریلوے انتظامیہ نے خصوصی ٹرین چلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، کراچی ڈویژن ریلوے انتظامیہ کی جانب سے خصوصی ٹرین کو خفیہ رکھا گیا ہے، یہ خصوصی ٹرین 21 مئی کو کراچی سے پشاور تک چلائی جائے گی، اس ٹرین میں مجموعی طور پر 14 کوچز لگائی جائیں گی، 12 کوچز اکانومی اور 2 اے سی کلاس ہوں گی۔
خصوصی ٹرین میں 25 مارچ سے 19 مئی تک مسافروں کو بکنگ دی گئی ہے، جب کہ پرانے ٹکٹ کے بدلے نئی بکنگ فراہم کی گئی ہے، مسافروں کو خصوصی ٹرین کی روانگی کی اطلاع فون کے ذریعے دی جائے گی اور مسافروں کی ٹکٹس میں کسی بھی قسم کی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔