نیب نے وفاقی وزیر کےخلاف تحقیقات کاآغاز کردیا

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کے خلاف مبینہ طور پر وفاقی دارالحکومت میں وزارت کی ایک عمارت اپنے کاروباری شراکت دار کو کرایے پر دینے کے خلاف شکایت کی تصدیق کا عمل شروع کردیا ہے۔
ڈان نیوز نے اپنی ایک خصوصی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیر مذہبی امور کے خلاف انہی کی وزارت میں کسی نے شکایت کی ہے جس کے بعدنیب نے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں تحقیقات کا فیصلہ کیا۔
نیب ہیڈ کوارٹرز سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ’ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں وزارت مذہبی امور کے افسران یا عہدیداران کے خلاف شکایت کی تصدیق کی منظوری دی گئی‘۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ نیب کا ماننا ہے کہ یہ ’مفادات کے تصادم‘ کا کیس ہے۔
اجلاس میں جکارتہ میں پاکستانی سفارتخانے کی عمارت ’غیر قانونی‘ طور پر فروخت کرنے پر وزارت خارجہ کے کچھ افسران کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
ساتھ ہی سابق صدر آصف علی زرداری کی پولیٹکل سیکریٹری رخسانہ بنگش اور سابق وزیر ہاؤسنگ اکرم درانی کے خلاف علیحدہ انکوائریز کی اجازت دی گئی۔
جکارتہ میں سفارتخانے کی عمارت کی فروخت کے بارے میں نیب کو یہ معلومات موصول ہوئی تھیں کہ وزارت خارجہ کو اس دھوکہ دہی کے بارے میں معلوم تھا لیکن اس کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی۔
اس کے ساتھ نیب جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں بھی پاکستانی سفارتخانے کی عمارت فروخت کرنے کے معاملے کی بھی تحقیقات کررہا ہے۔