پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث ایک روز میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ

پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث ایک روز میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ
پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث ایک روز میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )ملک میں کورونا وائرس کی وبا نے مزید شدت اختیار کرلی ہے اور ایک دن میں اب تک سب سے زیادہ 46اموات ریکارڈ کی گئی ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 985 ہو گئی ہے ۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 13 ہزار 962 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 4 لاکھ 14 ہزار 254 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید ایک ہزار 932 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 45 ہزار 898 ہو گئی ہے۔ 31 ہزار 812 مریض اب بھی ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں جب کہ 13 ہزار 101 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں مزید 46 افراد کورونا کے ہاتھوں لقمہ اجل بن گئے جو کہ ایک دن میں ملک میں اس وائرس کے ہاتھوں ہپونے والا سب سے برا جانی نقصان ہے۔ اس طرح ملک میں مجموعی اموات 985 ہوگئی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 345 اموات ہوئی ہیں جب کہ سندھ میں 299، پنجاب میں 289، بلوچستان میں 38، اسلام آباد میں 9 اور گلگت بلتستان میں 4 جب کہ آزاد کشمیر میں ایک مریض جان کی بازی ہار گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں کورونا کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے جہاں مصدقہ مریضوں کی تعداد 17 ہزار947 ہے، دوسرے نمبر پر پنجاب ہے جہاں کورونا کیسز 16 ہزار 685 ہوگئے ہیں، اس کے علاوہ خیبر پختونخوا میں 6 ہزار 554، بلوچستان میں 2 ہزار 885 کیسز، اسلام آباد میں ایک ہزار 138، گلگت میں 556 اور آزاد کشمیر میں 133 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -