"6کروڑ افراد کے شدید غربت کا شکار ہونے کا خدشہ ہے اس سے ہماری تین سال کی۔۔۔"،ورلڈ بینک سے پریشان کن بیان سامنے آگیا

"6کروڑ افراد کے شدید غربت کا شکار ہونے کا خدشہ ہے اس سے ہماری تین سال ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن)دنیا بھرمیں کوروناوائرس نے جہاں قیمتی جانیں نگلیں وہیں قومی و عالمی سطح پر بڑے معاشی بحران نے بھی جنم لے لیا ہے۔ اس وقت دنیا بھرمیں کروڑوں افراد اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ عالمی بینک کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں چھ کروڑ افراد ’شدید غربت‘ کا شکار ہو سکتے ہیں۔

بی بی سی کے مطابق عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ مالپاس نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں دنیا بھر میں معاشی سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں اور خدشہ ہے کہ اس سال کے اختتام تک عالمی معیشت کے حجم میں پانچ فیصد تک کمی آ سکتی ہے۔

دنیا بھر کے مختلف ممالک میں پہلے ہی بے روزگاری میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور لاکھوں افراد کی نوکریاں ختم ہو گئی ہیں اور غریب ممالک کو خاص طور پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

’ہمیں خدشہ ہے کہ چھ کروڑ افراد شدید غربت کا شکار ہو سکتے ہیں اور یہ گذشتہ تین سال کی ساری محنت پر پانی پھیر دے گا۔‘

عالمی بینک کے مطابق ’شدید غربت‘ کا درجہ ان افراد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جو یومیہ دو ڈالر سے کم کی آمدنی پر رہتے ہیں۔