کورونا سے جاں بحق افراد کی میتوں کی لواحقین کو حوالگی، نئے احکامات جاری

کورونا سے جاں بحق افراد کی میتوں کی لواحقین کو حوالگی، نئے احکامات جاری
کورونا سے جاں بحق افراد کی میتوں کی لواحقین کو حوالگی، نئے احکامات جاری

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)کورونا وائرس کی وجہ سے جاں بحق ہونے والے افراد کی میتوں کو ان کے ورثاکے حوالے کیے جانے سے متعلق اہم فیصلہ سامنے آیا ہے۔ سندھ حکومت نے اپنے تازہ احکامات میں میت کی ورثا کو حوالگی کی منظوری دے دی ہے۔

ایکسپریس ٹربیون کے مطابق  سندھ حکومت نے کووڈ 19سے متاثرہ افراد کی میتیں ورثا کے حوالے کرنے کی اجازت دے دی ہے تاکہ وہ اپنے پیاروں کی تدفین اپنے ہاتھوں سے کر سکیں۔ اس سے قبل صرف حکومتی نمائندگان ہی ایسی میتوں کی تدفین کاانتظام کرتی تھیں۔

میتیں ورثا کے حوالے نہ کیے جانے کی وجہ سے کئی بار ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور ورثا کے درمیان کشیدگی دیکھنے کو ملی ہے جبکہ کئی بار تو ورثا کی جانب سے ہسپتال میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی ہے۔

سندھ کے محکمہ صحت کی جانب سے تدفین کے دوران احتیاطی تدابیر اپنانے اور وائرس کے پھیلاو کو روکنے سے متعلق ضروری ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق کفن میں لپٹی میت وائرس کے پھیلاو کا باعث نہیں بنتی۔حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ میت کو غسل اور کفن ان فلاحی اداروں میں دیا جائے جن کی حکومت نے پہلے سے اجازت دے رکھی ہے۔ضلعی حکام غسل اور تدفین کے تمام مراحل کی نگرانی کریں گے اور یقینی بنائیں گے کہ میت وائرس کے پھیلاو کا باعث نہ بنے۔میت کو سٹریچر اور مخصوص گاڑی پر دوسری جگہ منتقل کیاجائے۔جو میت کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کریں وہ صفائی کا خیال کریں اور تکمیل کے بعد دوبارہ خود کو سینیٹائزڈ کریں۔

ہدایات میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ایسی میتوں کی نماز جنازہ یا تدفین کیلئے کوئی مخصوص مسجد یا قبرستان نہیں ہے اس لیے کسی بھی جگہ نماز جنازہ پڑھی اور تدفین کی جاسکتی ہے۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -کورونا وائرس -