تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان میں "BoycottUAE" سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگا، پاکستانی متحدہ عرب امارات کو ناپسند کیوں کرنے لگے؟ انتہائی حیرت انگیز خبر آگئی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے خلاف بھارت ہرزہ سرائی کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا۔ یہ دور چونکہ سوشل میڈیا کا ہے لہٰذا مودی سرکار پاکستان کے خلاف پراپیگنڈے کے لیے اس کا بھی بھرپور استعمال کررہی ہے۔ گزشتہ روز سے آپ نے مشاہدہ کیا ہو گا کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ’بائیکاٹ یو اے ای‘ کا ٹرینڈ ٹاپ پر جا رہا ہے، جو عندیہ دے رہا ہے کہ پاکستانی متحدہ عرب امارات سے نفرت کرنے لگے ہیں اور اب اس کا بائیکاٹ کرنا چاہ رہے ہیں لیکن اگر آپ اس ٹرینڈ میں جا کر ٹویٹس کو دیکھیں گے تو حقیقت آپ پر عیاں ہو جائے گی کہ یہ بھی بھارتیوں کا شاخسانہ ہے جو متحدہ عرب امارات پر اپنا غصہ کچھ اس بھونڈے انداز میں اتار رہے ہیں۔
بھارت میں جس طرح مسلمانوں کو سرعام تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اورگلیوں میں گھسیٹ گھسیٹ کر موت کے گھاٹ اتار اجا رہا ہے، اس پر مسلم دنیا میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔ یہ صورتحال صرف بھارت پر ہی موقوف نہیں ہے، دنیا میں جہاں بھی بھارتی بستے ہیں وہاں وہ اپنی مسلم دشمنی خوب ظاہر کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ حالیہ دنوں میں متحدہ عرب امارات میں مسلم دشمنی کرنے والے بھارتی شہریوں کو ان کی پرکشش نوکریوں سے نکال کر ملک بدر کیا گیا، جس کا بدلہ یہ لوگ اس طرح لے رہے ہیں کہ ایسے بھونڈے ٹرینڈز چلا کر یہ ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ پاکستانی متحدہ عرب امارات سے نفرت کرنے لگے ہیں۔ حالانکہ اس ٹرینڈ میں 60فیصد سے زائد ٹویٹس بھارتی شہریوں کی ہیں۔ ان بھارتی میں وزیراعظم مودی کے مدح سراءصحافی گورو آریا اور نائیلہ عنایت سمیت دیگر بھی شامل ہیں جو اس ٹرینڈ میں ٹویٹس کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ان میں پاکستانیوں کی شناخت سے بنائے گئے جعلی اکاﺅنٹس کی بھی بھرمار ہے، جنہیں دیکھ کر تو لگتا ہے کہ وہ پاکستانی ہیں لیکن دراصل یہ اکاﺅنٹس بھارت سے آپریٹ ہو رہے ہیں۔اس سے ثابت ہوتا ہے کہ بھارت سرکار نے پوری منصوبہ بندی کے ساتھ یہ ٹرینڈ شروع کروایا ہے تاکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان فاصلہ پیدا کیا جا سکے ۔