”بابراعظم کی سٹیو وا، رکی پونٹنگ اور اینڈریو سٹراس کیساتھ ملاقات کا اہتمام کیا جائے“ ثقلین مشتاق نے ایسی تجویز پیش کر دی کہ پی سی بی بھی سوچنے پر مجبور ہو جائے

”بابراعظم کی سٹیو وا، رکی پونٹنگ اور اینڈریو سٹراس کیساتھ ملاقات کا اہتمام ...
”بابراعظم کی سٹیو وا، رکی پونٹنگ اور اینڈریو سٹراس کیساتھ ملاقات کا اہتمام کیا جائے“ ثقلین مشتاق نے ایسی تجویز پیش کر دی کہ پی سی بی بھی سوچنے پر مجبور ہو جائے

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق سپنر اور ’دوسرا‘ کے موجد ثقلین مشتاق نے قومی ٹی 20 اور ون ڈے ٹیم کے قائد بابراعظم کو بڑا کپتان بنانے کیلئے اہم گر بتاتے ہوئے رکی پونٹنگ،سٹیو وا اور اینڈریو سٹراس کیساتھ ملاقات کے اہتمام کی تجویز پیش کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق آف سپنر ثقلین مشتاق نے کہا کہ بابر اعظم کو قیادت کے گر سکھانے کیلئے ماضی کے عظیم کپتانوں سے ملاقاتوں کا اہتمام کرنا چاہیے۔ 43 سالہ ثقلین مشتاق نے کہاکہ بابراعظم کا اعتماد اور بیٹنگ میں مہارت بے مثال ہے جبکہ وہ آغاز سے ہی غیر معمولی کارکردگی دکھا رہے ہیں، انہیں عمران خان اور وسیم اکرم سے قیادت کے گر سیکھنے کا موقع فراہم کرنا چاہئے۔

ثقلین مشتاق نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے کہا کہ وہ بابر اعظم کی سٹیووا، رکی پونٹنگ اور اینڈریو سٹراس کے ساتھ میٹنگ کا بھی اہتمام کرے جنہوں نے مشکل ایشز سیریز جیتیں، جب بھی پاکستان کی کسی دوسرے ملک سے سیریز ہو تو وہاں کے عظیم کھلاڑیوں سے بابر کی میٹنگز کرانا چاہئیں جبکہ پی سی بی کا میڈیا ڈیپارٹمنٹ انہیں میڈیا کو ہینڈل کرنا سکھائے۔

ثقلین مشتاق نے کہا کہ بابر اعظم کو انگلش سیکھنے کاکہنا غیرمتعلقہ بات ہے، وہ اردو جانتے اور اس کے علاوہ کچھ اور سیکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ٹیم کو کامیابیوں سے ہمکنار کرنے اور حکمت عملی پر میدان میں اچھی طرح عملدرآمد کرانے کیلئے بابراعظم کو قیادت کے بہترین طریقے سیکھنا ہوں گے۔

مزید :

کھیل -