امریکہ انسانیت کے ناطے یہ کام ضرور کرے گا ۔۔۔چین نے امریکہ سے امیدیں باندھ لیں

بیجنگ(ڈیلی پاکستان آن لائن)چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ژا لی جیان نے کہاہے کہ چین کو امید ہے کہ امریکہ میں موجودہ کچھ چینی طلبہ کو واپس لانے کیلئے امریکہ عارضی پروازوں کیلئے ضروری کارروائی جلد از جلد مکمل کرے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے تر جمان نے کہا ہے کہ مشکلات کا سامنا کرنے اور فوری طور پر گھروں کو واپس آنے کے خواہش مند طلبہ کیلئے کچھ چینی ایئرلائنز نے پروازوں کاانتظام کیا ہے لیکن امریکہ نے انکی منظوری نہیں دی۔ چین کے نیویارک میں قونصل جنرل نے عارضی پروازیں ملتوی ہونے پر 2مرتبہ تحفظات پر مبنی نوٹس جاری کیا ہے۔ژا نے ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ چین کو افسوس ہے کہ امریکہ نے پروازوں کیلئے درخواست منظور نہیں کی جس کی وجہ سے پروازیں ملتوی ہوگئیں۔ژا نے کہاکہ پروازیں ملتوی ہونے سے خصوصا ان طلبا جو ان شہروں میں نہیں رہتے جہاں سے پروازوں نے روانہ ہونا تھا کیلئے شدید مشکلات پیدا ہوگئیں۔ مجوزہ پروازوں سے روانہ ہونے کیلئے طلبہ نے کرائے کے ہاسٹل یا کمرے چھوڑ دیئے تھے جس کے باعث انھیں اب شدید مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ امریکہ انسانیت کے جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے پروازوں کو جلد از جلد اجازت دے گا تاکہ طلبہ اپنے گھروں کو جاسکیں۔ژا نے مزید کہاکہ امریکہ میں چین کے سفارتخانوں اور قونصل خانوں نے متاثرہ طلبہ کیلئے عارضی رہائش گاہوں کا انتظام کرنے میں مدد کی ہے۔