فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں،شہر یار اعوان
لاہور(سٹی رپورٹر) بابائے قوم حضرت قائداعظم محمد علی جناح ابتداء سے ہی فلسطینی عوام کے جائز ومنصفانہ حقوق کے پرزور حامی رہے ہیں۔ فلسطینیوں کے خلاف بربریت اور منظم جرائم کی مذمت کے اظہار کے لئے الفاظ کا دامن ناکافی ہے ان خیالات کا اظہار پی پی 150 پاکستان تحریک انصاف کے کوارڈینیٹر شہریار اعوان نے کیا۔اس افسردہ اور تاریک موقعے پر ہم فلسطین کے عوام اور حکومت کے ساتھ اپنی بھرپور یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
اسرائیلی مظالم کے خلاف اور اپنی عرب اور اسلامی شناخت کو برقرار رکھنے کے لئے، برسرپیکار فلسطینی عوام کی جرات و بہادری کو ہم سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم مسجد اقصٰی کے تقدس کی پامالی اور اس میں عبادت کرنے والے بے گناہوں پر حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں رمضان المبارک کے مقدس مہینے اور عیدالفطر پر ہلاکتیں اور تباہی ایک نہ ختم ہونے والی بے حسی پر مبنی ظلم ہے۔مذہبی مقامات کا تقدس اوراحترام عالمی قانون کا ایک مسلمہ اصول ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری فوری مداخلت کرتے ہوئے غزہ میں شہری آبادی کے خلاف اسرائیلی مظالم رکوانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے اور غزہ میں جاری بمباری کو فی الفور روکا جائے۔ ضرورت کی اس گھڑی میں امت مسلمہ کو اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ بھرپور یک جہتی اور ان کی حمایت کیلئے آگے بڑھنا ہوگا۔ہمیں اس نازک مرحلے پر فلسطینی عوام کا ساتھ ہرگز نہیں چھوڑنا چاہیے۔