اس سال کسی کو بغیر امتحانات کے پرموٹ نہیں کیا جائے گا،سعید غنی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا اہم اجلاس سیکرٹری تعلیم کے آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری تعلیم سندھ احمد بخش ناریجو، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹو فوزیہ، چیئرمین سندھ بورڈ کمیٹی و انٹر بورڈ کراچی ڈاکٹر سعید الدین، چیئرمین حیدرآباد بورڈ محمد انعام میمن، چیئرمین ٹیکنکل بورڈ مسرور شیخ، سیکرٹری میٹرک بورڈ سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبہ سندھ میں نویں تا انٹر کے امتحانات، موجودہ کوووڈ کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی، این سی او سی کی جانب سے آنے والی تجاویز سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں صوبائی وزیر نے بتایا کہ بین الصوبائی وزراء تعلیم کے اجلاس میں مختلف تجاویز پیش کی گئی ہیں اور اس میں تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی اور امتحانات کے شیڈول سمیت دیگر کے حوالے سے تمام صوبوں سے تجاویز بھی مانگی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ کی محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے ہونے والے گذشتہ اجلاس میں نویں اور میٹرک کے امتحانات یکم جولائی جبکہ فرسٹ ائیر اور انٹر کے امتحانات 28 جولائی سے لئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کوووڈ کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم نے این سی او سی کے اجلاس کے فیصلے کی روشنی میں 23 مئی تک تدریسی عمل کو معطل کیا ہوا ہے اور اس سلسلے میں آئندہ ہونے والے اجلاس میں مزید اس سلسلے میں فیصلہ کیا جانا ہے۔ اس موقع پر چیئرمیز بورڈز نے بتایا کہ تمام بورڈز نے مقررہ تاریخوں پر امتحانات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے حوالے سے تمام اپنی تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور اگر صورتحال بہتر رہی تو ہم وقت مقررہ پر امتحانات کا انعقاد کرسکیں گے۔