عمران خان کے مریم نواز کے خلاف بیان پر نوازشریف بھی میدان میں آگئے
لندن(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف نےکہا ہے کہ عمران خان کو یہ نہیں پتا ماں بہن کی عزت کس کو کہتے ہیں، انہیں ہمارے اور اسلامی معاشرے میں خواتین کی عزت اور مقام کا نہیں پتہ، مدینہ کی ریاست کا نام لیکر حرکتیں وہ کرتا ہے جو دنیا کے کسی گندے سے گندے معاشرے میں دیکھنے کو نہیں ملتیں۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف کا کہنا تھاکہ عمران خان نے پاکستان کی جو بربادی کی ہے، ملکی تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی اور شاید آئندہ بھی نہ ملے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہر شعبے میں جو کیا ہے، پاکستان کیلئے آئندہ کیلئے اتنے گہرے اثرات چھوڑ رہی ہے وہ چیز جس کو دوبارہ ٹھیک کرنا مشکل ہوگا، ملکی معیشت، معاشرت، اخلاقیات کو تباہ کردیا اور بدتمیزی کے کلچر کی بنیاد ڈال دی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس طرح تباہی کا شکار ہوتے ہوئے میری آنکھیں نہیں دیکھ سکتیں، میں یہ سمجھتا ہوں کہ پچھلے 70 کی تاریخ کا سب سے بڑا مجرم کوئی آیا ہے تو اس کا نام عمران خان ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ہم نے تو کب سے الیکشن کی تیاری مکمل کر رکھی ہے، ضمنی الیکشن میں بھی انہی کے دور میں عمران خان کو ہرایا ہے اور اب بھی ہم ان کو ہرائیں گے۔