لیسکو کی قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ہمراہ بڑی کارروائی، کروڑوں روپے کی بجلی چوری پکڑی گئی

لاہور ( طیبہ بخاری سے ) لیسکو کی قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ہمراہ بڑی کارروائی، کروڑوں روپے کی بجلی چوری پکڑی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی سربراہی میں قائم ڈسکوز سپورٹ یونٹ کی ریجن بھر میں کارروائیاں جاری ہیں، اس سلسلے میں سرفراز نگر سب ڈویژن کی ٹیم نے رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ہمراہ علاقے میں چیکنگ آپریشن کیا، دوران آپریشن ایک انڈسٹریل میٹر مشکوک پایا گیا، دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزمان میٹر کی ایم ڈی آئی پریچ کرکے بجلی چوری کر رہے ہیں جس کی وجہ سے لیسکو کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا، مزید تحقیقات سے پتہ چلا کہ مذکورہ ملزم پہلے بھی بجلی چوری کی وارداتوں میں ملوث ہے اور اس کے خلاف محمود بوٹی سب ڈویژن کی حدود میں بھی 2 مقدمات درج ہیں، ایلیٹ فورس کی جانب سے طاہر محمود نامی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
لیسکو حکام نے بجلی چوری میں استعمال ہونیوالا ٹرانسفارمر، 2 میٹرز اور دیگر سامان قبضے میں لے کر ملزم کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ بھی درج کروا دیا ہے، ملزمان کو ڈٹیکشن بل چارج کرنے کے لیے بھی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں لیسکو، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر مشتمل ڈسکو سپورٹ یونٹ نے چیف ایگزیکٹو لیسکو انجیئر محمد رمضان بٹ کی ہدایت پر
تمام سرکلز میں ریکوری کا عمل تیز کردیا ہے، اس سلسلے میں ایسٹرن سرکل میں 15 نادہندگان سے3 لاکھ سے زائد کی ریکوری کی گئی، ساؤتھ سرکل میں 2نادہندگان سے1 لاکھ سے زائد کی ریکوری کی گئی۔ ننکانہ سرکل میں 14نادہندگان سے1 لاکھ سے زائد اور شیخوپورہ سرکل میں 3 نادہندگان سے30ہزار سے زائد کی ریکوری کی گئی، اوکاڑہ سرکل میں 6 نادہندگان سے1 لاکھ سے زائد جبکہ قصور سرکل میں 26 نا دہندگان سے6 لاکھ سے زائد کی ریکوری کی گئی۔