فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے،مختار احمد چوہان

فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے،مختار احمد چوہان

لاہور(فلم رپورٹر)لالی ووڈ انٹرٹینمنٹ کے روح رواںپروڈیوسر مختار احمد چوہان نے”پاکستان“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے ملک میں زبانی کلامی باتیں بہت ہوتی ہیں لیکن عملی اقدامات نا ہونے کے برابر ہیں ۔فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے ۔میں باتوں کی بجائے عمل پر یقین رکھتا ہوں اسی لئے ہمیشہ کامیابی نے میرے قدم چومے ہیں ۔مختار احمد چوہان نے کہا ہے کہ جس طرح فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد نے فلموں کی بحالی کے لیے جدوجہد کی اسی طرح اب فلموں انڈسٹری کی کامیابی میں بھی محنت سے کام کرنا ہوگا۔مختار احمد چوہان نے کہا کہ فلم انڈسٹری کی رونقوں کا لوٹ آنا خوش آئند ہے لیکن اب اچھی اور معیاری فلمیں بناکر ہی ہم مزید ترقی کرسکتے ہیں،انھوں نے کہا وہ جلد دو فلموں کی فلمبندی کی تیاریوں میں مصروف ہیں جو آئندہ سال سیٹ کی زینت بن جائیں گی۔ پاکستانی فلموں کی کامیابی سے ہم سب بہت خوش ہیں۔کیونکہ اسی انڈسٹری سے ہمیں دنیا بھر میں شہرت اور عزت ملی ، بین الاقوامی مارکیٹ میں جگہ بنانے کا یہ بہترین موقع ہے ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہمارے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں جو کام کرنا جانتے ہیں،انھوں نے کہا کہ کراچی ایک بار پھر فلم انڈسٹری کا مرکز ہوگا جہاں فلم سازی کا عمل شروع ہوچکا ہے، آئندہ سال ہماری کامیابی کا سال ہوگا۔

مزید : کلچر