روس کی جانب سے پاکستانی زرعی مصنوعات پر پابندی کے حل میں لاپرواہی نہیں کی: وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی

روس کی جانب سے پاکستانی زرعی مصنوعات پر پابندی کے حل میں لاپرواہی نہیں کی: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(اے پی پی) وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی وریسرچ کے ترجمان نے پاکستان سے زرعی مصنوعات کی درآمد پر روس کی جانب سے پابندی کے مسئلے کے حل میں لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے کے حوالے سے بعض اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔ منگل کو یہاں جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ وزارت ہذا نے ایسی من گھڑت اور حقائق کے منافی خبر کی اشاعت پر سختی سے نوٹس لیا ہے۔ ترجمان نے وضاحت کی کہ وزارت فوڈ سیکورٹی و ریسرچ موجودہ صورتحال سے پوری طرح آگاہ ہے اور تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ اس معاملے پر روزانہ کی بنیاد پر اس معاملے کے حل کیلئے مستعدی سے مصروف عمل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ وزارت فوڈ سیکورٹی وریسرچ اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کیلئے بشمول سفارتی رابطہ کاری تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔

وزارت نے روس میں پاکستانی سفارتخانے کے ذریعے روس کی حکومت کے متعلقہ حکام کو پاکستانی زرعی مصنوعات پر پابندی ختم کرنے کیلئے متعدد خطوط بھی بھیجے ہیں۔ اس کے علاوہ وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اور پاکستان میں روس کے سفارتکار کے درمیان حال ہی میں ایک ملاقات بھی ہوئی ہے جس میں روسی سفارتکار نے اس مسئلے کے جلد حل کیلئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ یہ صحافی حضرات کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو حقائق پر مبنی خبریں فراہم کریں۔ زرعی مصنوعات پر روس کی جانب سے پابندی کے حوالے سے وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی ور یسرچ پر لاپرواہی کا الزام قطعی طور پر بے بنیاد ہے۔ ایسی خبروں کی اشاعت سے پہلے حقائق معلوم کر لئے جائیں اور وہ توقع کرتی ہے کہ آئندہ اس معاملے میں جو بھی خبر شائع کی جائے وہ حقائق پر مبنی ہو گی۔

مزید :

کامرس -