اٹلی ‘ طوفان اور سیلاب نے تباہی مچا دی‘9 ہلاک‘ متعدد لاپتہ

اٹلی ‘ طوفان اور سیلاب نے تباہی مچا دی‘9 ہلاک‘ متعدد لاپتہ

روم (این این آئی) اٹلی کے جزیرے سارڈینیا میں طوفان اور سیلاب نے تباہی مچا دی‘ 9افراد ہلاک، متعدد لاپتہ ہو گئے، سینکڑوں افرادکو محفوظ مقامات پر منتقل اور متعدد پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق اٹلی کے جزیرے سارڈینیا میں طوفان اور سیلابی پانی کی وجہ سے متعدد افراد لاپتہ ہو گئے جبکہ پانی دریاﺅں کے کناروں کو توڑتا ہوا بہت سی گاڑیوں کو بھی بہا لے گیا ہے۔سب سے زیادہ نقصان شمال مشرقی شہر اولبیا میں ہوا جہاں سینکڑوں افراد کو اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر پناہ لینی پڑی ہے۔سارڈینیا کی سول پروٹیکشن اتھارٹی کے اہلکار نے بتایا کہ ہم ہر ممکنہ سطح پر چوکنا ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایسی صورت حال کبھی نہیں دیکھی۔ یہ شاید صدیوں کی بد ترین صورتِ حال ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق ایک پل ٹوٹ کے گرنے کے واقعے میں 3افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایک دوسرے حادثے میں ایک ماں اور اس کی ایک بیٹی اپنی گاڑی میں مردہ پائی گئیں۔ سیلابی پانی ان کی گاڑی کو بہا لے گیا تھا۔

مرنے والوں میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔چند مقامی شہریوں نے سوشل میڈیا کی مدد سے اپنا گھر چھوڑنے پر مجبور افراد کو مدد کی پیشکش کی۔ طوفان اور سیلاب کی وجہ سے متعدد پروازوں کو منسوخ کرنا پڑا۔

مزید : عالمی منظر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...