لٹل ماسٹرکے خطاب کا حقدارمیں نہیں ٹنڈولکرہے ¾ حنیف محمد
کراچی (این این آئی)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان حنیف محمد نے کہاہے کہ لٹل ماسٹرکے خطاب کا حقدارمیں نہیں ٹنڈولکرہے ۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف محمد نے کہاکہ سچن ٹنڈولکرکے چوبیس سالہ شاندارعہد سے بھارتی کرکٹ کو نئی جہت ملی۔ وہ دورحاضرکے بہترین کرکٹرہیں ان کا کھیل نوجوانوں کےلئے مشعل راہ ہے۔ حنیف محمد نے کہاکہ ٹنڈولکر نے اپنی محنت، لگن، اعتماد اور عظمت کے سبب بلند مقام حاصل کیا۔ سابق کپتان نے کہاکہ لٹل ماسٹرکے خطاب کا اصل حقدارمیں نہیں ٹنڈولکرہے۔ انہوں نے کہا کہ سچن جیسے بڑے کھلاڑی روز روز نہیں پیدا ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ2006 میں ٹنڈولکر نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے مجھے سونئیر پیش کیا تھا وہ لمحہ میری زندگی کے لئے یاد گار لمحہ تھا۔