لاقانونیت حد سے بڑھ گئی، کسی کی جان و مال محفوظ نہیں،پرویزالٰہی

لاقانونیت حد سے بڑھ گئی، کسی کی جان و مال محفوظ نہیں،پرویزالٰہی

لاہور(جنرل رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی لاقانونیت اور بدامنی کے باعث کسی کی جان و مال محفوظ نہیں اور ہر کوئی عدم تحفظ کا شکار ہے، قتل، ڈکیتی، اغواءبرائے تاوان اور لوٹ مار کی وارداتوں میں کمی کی بجائے دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ وہ گجرات میں مختلف مرحومین کی رہائش گاہوں پر غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد ظہورالٰہی ہاﺅس میں مسلم لیگی رہنماﺅں، کارکنوں اور ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات سے گفتگو کر رہے تھے جو ان سے ملاقات کیلئے آئے تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے گجرات یونیورسٹی کے ڈائریکٹر پروفیسر سید شبیر شاہ کے دن دھاڑے ڈرائیور سمیت قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے دلی رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ایک جانب مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے، بھوک و افلاس سے ستائی ہوئی مائیں اپنے بچوں سمیت خودکشیاں کر رہی ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کنارا ہوٹل میں معروف بزنس مین چودھری مبین اکرم کے انتقال پر ان کے والد چودھری اکرم اور کزن آصف چودھری سے اظہار تعزیت کیا۔ بعد ازاں پرنسپل میڈیکل کالج سید طلعت محمود کی خوشدامن کے انتقال پر اظہار تعزیت کیلئے جمال پور سیداں پہنچے۔ وہ تاجر رہنما جاوید یعقوب ڈار کی والدہ اور عالمگیر بوبی پہلوان کے بھائی کی فاتحہ خوانی کیلئے ان کی رہائش گاہوں پر بھی گئے۔ اس موقع پر چودھری خالد اصغر گھرال سابق ایم پی اے، ضلعی سینئر نائب صدر عظمت حسین سید، سابق تحصیل ناظم سعادت نواز اجنالہ، سید ضمیر شاہ، سید خادم شاہ، سید توحید شاہ، سید عاطف عظمت، چودھری شمشیر وڑائچ، میاں پرویز اختر پگانوالہ، ارشد وحید بٹ، قاضی خالد سیف اللہ، راجہ رمضان ننھا، شیخ منشائ، شیخ وقار وحید، عمران اسلم وڑائچ اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔

پرویزالٰہی

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...