معدنیات کے ذخائر کی جدید اور سائنسی بنیادوں پر تلاش جاری ہے،چودھری شیر علی

معدنیات کے ذخائر کی جدید اور سائنسی بنیادوں پر تلاش جاری ہے،چودھری شیر علی

لاہور( جنرل رپورٹر) صوبائی وزیر معدنیات پنجاب چودھری شیر علی نے کہا ہے کہ ملکی معدنیات کے ذخائر کی جدید اور سائنسی بنیادوں پر تلاش،حفاظت اور ان کا مکمل ڈیٹا مرتب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کوئلہ،لوہا او ر دیگر معدنیات جیسے وسائل سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی تاکہ توانائی سمیت انہیں دیگر شعبہ جات کی ترقی میں استعمال کیا جاسکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ملکی معدنیات کے ذخائر کے سلسلے میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل سیکرٹری معدنیات طاہر رضا ہمدانی،ڈپٹی سیکرٹری معدنیات اور دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے اجلاس میں کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم ملکی معدنی ذخائر کے بہتر سے بہتر استعمال کو یقینی بنا کر ملکی مجموعی ترقی میں اضافہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ توانائی سمیت دیگر شعبوں کی ترقی میں معدنی وسائل کے استعمال کے لئے ہمیں جدید خطوطو پر کام کرنا ہو گا تاکہ کم وقت میں زیادہ سے زیادہ مثبت نتائج سامنے آئیں۔ انہوں نے کہاکہ ملکی معدنی ذخائر کے بہتر استعمال کے لئے ملکی وغیر ملکی ماہرین سے بھی استفادہ حاصل کیا جائے گا تاکہ معدنیات کی تلاش میں قیمتی وقت اور سرمایہ بھی ضائع نہ ہو اور نتائج بھی حوصلہ افزاہوں۔ انہوں نے کہاکہ معدنیات کے لئے کیے جانے والے تمام اقدمات کے آغاز سے اختتام تک ہر چیز کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے اور اس سلسلہ میں مانیٹرنگ بھی یقینی بنائی جائے اور مکمل رپورٹیں ان کے دفتر میں روزانہ کی بنیاد پر بھجوائی جائیں۔ اس موقع پر افسران نے ہدایات کے مطابق بہتر سے بہتر کارکردگی اور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

شیر علی

مزید : صفحہ آخر