ریونیو افسروں کو دوسرے اضلاع میں تعینات کرنے کے احکامات کالعدم قرار

ریونیو افسروں کو دوسرے اضلاع میں تعینات کرنے کے احکامات کالعدم قرار

لاہور(عامر بٹ سے ) چیف سیکرٹری پنجاب نے سابق چیف سیکرٹری پنجاب ناصرمحمود کھوسہ کے عرصہ دراز سے آبائی اضلاع میں تعینات ریونیو افسران کو دوسرے اضلاع میں تعینات کرنے کے احکامات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ریونیو افسران کی آبائی اضلاع میں تعیناتی کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔جس پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے افسران کی تعیناتی کے لئے تمام اضلاع کے کمشنرز کو خطوط ارسال کر دیئے ہیں ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سابق چیف سیکرٹری پنجاب ناصر محمود کھوسہ نے 10مارچ2012کو پنجاب بھر کے اضلاع میں تعینات ایسے ریونیو افسران کو فوری تبدیل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے جو عرصہ دراز سے اپنے آبائی اضلاع میں تعینات تھے اور محکمہ مال کی جانب سے ملنے والے ذمہ داریاں پوری کرنے میں مصروف تھے تاہم سابق چیف سیکرٹری پنجاب ناصر محمود کھوسہ کے احکامات کو رکوانے کیلئے ریونیو افسران کے قریبی رشتے دار بیوروکریٹس اور سیاسی شخصیات نے بھی ان احکامات کی واپسی کیلئے سرتوڑ کوششیں کی تاہم ان کو کامیابی حاصل نہ ہو سکی جس کے باعث ہوم اضلاع سے تبدیل کرنے والے ریونیو افسران نے اپنی واپسی کیلئے وقفے وقفے سے تحریک چلانی شروع کر دی اور صوبائی محتسب میں سابق چیف سیکرٹری کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کر دی۔صوبائی محتسب پنجاب میں دائر کی جانے والی درخواست میں ریونیو افسران کی جانب سے سروس رولز اور بورڈ آف ریونیو کے قوانین کے حوالے دیتے ہوئے آبائی اضلاع میں تعینات رہنے کی استدعا عائد کی تھی جس پر صوبائی محتسب پنجاب نے ریونیو قوانین کومد نظر رکھتے ہوئے چند روز قبل مذکورہ ریونیو افسران کی دوسرے اضلاع میں تعیناتی کے خلاف فیصلہ دے دیا ہے جس سے ریونیو افسران میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق محکمہ مال نے صوبائی محتسب پنجاب کے فیصلے پر عمل درآمد کرنے کی بجائے محتسب کے فیصلے پر عمل درآمد کی ذمہ داری موجودہ چیف سیکرٹری کے سر پر ڈال دی تھی ۔ ذرائع کے مطابق سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب ندیم اشرف نے اس فیصلے پر عمل درآمد کرنے کی بجائے تبدیل ہونے والے تمام ریونیو افسرا ن اور فیصلے کی کاپی کی سمری چیف سیکرٹری پنجاب کو بھجوادی تھی جس پر گزشتہ روز چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ نے ریونیو افسران کو آبائی اضلاع میں تعینات کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے سینئر ممبربور ڈ آف ریو نیو کو احکامات موصول ہو چکے ہیں اور انہوں نے تمام اضلاع کے کمشنرز کو بھی چیف سیکرٹری کے فیصلے سے آگاہ کرنے کے لئے خطوط ارسال کر دیئے ہیں۔دوسری جانب چیف سیکرٹری کا فیصلہ آنے کے بعد ریونیو افسران میں خوشی کی لہر ڈور گئی ہے اور ریونیو کے دفتر میں متعدد افسران خوشی میں مٹھائیاں تقسیم کرتے بھی نظر آئے۔

کالعدم

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...