تحریک انصاف کی پالیسیوں کو عوام نے یکسر مسترد کردیا ہے،عبدالقادر پٹیل

تحریک انصاف کی پالیسیوں کو عوام نے یکسر مسترد کردیا ہے،عبدالقادر پٹیل

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی پالیسیوں کو عوام نے یکسر مسترد کردیا ہے ،تحریک انصاف کے عہدیداران اور کارکنان جوق در جوق پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کررہے تھے ۔ایم کیو ایم سے پیپلزپارٹی کے اتحاد کی خبریں بے بنیاد ہیں ،ہم بلدیاتی انتخابات ایم کیو ایم کے خلاف لڑنے جارہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کراچی پریس کلب میں تحریک انصاف ڈسرکٹ ملیر کے عہدیداران کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری نجمی عالم ،پاکستان تحریک انصاف کے راو¿ صفدر حیات ،عامر شیخ ،شہناز بیگم بھی موجود تھیں ۔عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ لیاری آپریشن ہماری سمجھ سے بالاتر ہے

 ،اگرآپریشن کے دوران لیاری میں راکٹ لانچر ،اعوان ،گرنیڈ اور اسٹیل بلٹ کی بارش ہورہی ہے تو امن کے دنوں میں لیاری یا کراچی کا کیا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا منافقانہ پالیسی کی روش کو ترک کرتے ہوئے جن سیاسی تنظیموں کے دہشت گرد پکڑے جائیں انہیں عوام کے سامنے لائے ۔انہوں نے کہا کہ لیاری سے گرفتار کئے جانے والے ہر شخص کو لیاری گینگ وار کے نام سے عوام کے سامنے لانا مناسب عمل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم کراچی میں قیام امن کے لیے آپریشن کے حامی ہیں لیکن آپریشن منصفانہ بنیادوں پر کسی بھی قسم کے نسلی ،طبقانی اور لسانی وابستگی سے بالاتر ہو کر کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ کورنگی کو ضلع کا درجہ لاجیکل اور نیچرل حدود کی بنیاد پر دیا گیا ہے ۔ اس میں کسی قسم کے سیاسی مقاصد اور سیاسی اتحاد کی خبریں بے بنیاد ہیں ۔اس موقع پر پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے صفدر حیات نے کہا کہ ہم نے تحریک انصاف سے کنارہ کشی اس لیے اختیار کی ہے کہ عمران خان کی بے بنیاد پالیسیوں اور دعووں سے تنگ آکر اختیار کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نوجوانوں کے جذبات و احساسات کو مجروح کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے نعروں میں صداقت کی دلیل موجود ہے ۔وہ خود بھی نوجوان ہیں اورنوجوانوں کی رہنمائی بخوبی کرسکتے ہیں ۔

مزید : علاقائی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...