’’اب روشنیاں جگمگائیں گی، پہیہ چلے گا، چولہا جلے گا‘‘

’’اب روشنیاں جگمگائیں گی، پہیہ چلے گا، چولہا جلے گا‘‘
’’اب روشنیاں جگمگائیں گی، پہیہ چلے گا، چولہا جلے گا‘‘

  

وطن عزیز میں توانائی کے بحران کی وجہ سے نہ صرف مجموعی پیداوار میں کمی آئی بلکہ برآمدات بھی متاثر ہوئی ہیں۔صنعت و حرفت ‘ زراعت‘ غرض کہ زندگی کا کوئی شعبہ توانائی بحران سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی بجلی بحران کے خاتمے کے لئے عملی اقدامات کر کے بہتری کی امید پیدا کی۔ ملک بھر میں تھرمل پاور پراجیکٹس‘ گیس پاور پراجیکٹس‘ کول پاور پراجیکٹس‘ شمسی توانائی سمیت توانائی کے حصول کا ہر ذریعہ اختیار کیا جا رہا ہے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف ‘ وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف کے عزم صمیم کو پورا کرنے کے لئے شب و روز محنت کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے مظفرگڑھ میں یو ایس ایڈ کے تعاون سے تھرمل پاور پلانٹ کی بحالی کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے تھرمل پاور پلانٹ منصوبے کے مختلف یونٹس کا معائنہ کیا۔امریکی حکومت، یو ایس ایڈ اور حکومت پاکستان کے اشتراک کار سے مظفر گڑھ پاور پلانٹ کو بحال کر کے اس کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں 500میگا واٹ کا اضافہ کیا گیا ہے اور اب اس پاور پلانٹ سے مجموعی طور پر 1150میگا واٹ بجلی حاصل ہو گی۔جس سے اندھیرے چھٹیں گے ‘ روشنیاں جگمگائیں گی‘ پہیہ چلے گا تو چولہا جلے گا۔یہ پلانٹ90کی دہائی کے آغاز میں قائم کیاگیا تھا اور اس کی پیداواری صلاحیت 1300میگاواٹ تھی لیکن وقت کے ساتھ مشینری کی صلاحیت میں فرق آیا اور اب یہ پلانٹ 650میگاواٹ بجلی پیدا کررہا تھا لیکن امریکی حکومت کے ادارے یو ایس ایڈ کے اشتراک سے حکومت پاکستان نے اس منصوبے کی بحالی کا کام مکمل کیا ہے اور500میگاواٹ اضافی بجلی کا ہدف حاصل کیا ہے ،جس پر ڈیڑھ ارب روپے صرف ہوئے ہیں ۔

تقریب سے یو ایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر جون گرورکے (Mr. John Groarke)، امریکی قونصل جنرل زیچرے ہارکین رائیڈر (Mr. Zachary Harken Rider) اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مظفرگڑھ تھرمل پاور رخسار احمد قریشی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ مظفرگڑھ پاور پلانٹ کی افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر ہارون سلطان بخاری، اراکین صوبائی اسمبلی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، یو ایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر ، امریکی قونصل جنرل اور چیف ایگزیکٹو آفیسر تھرمل پاور سمیت متعلقہ افسران موجود تھے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے مظفر گڑھ پاورپلانٹ کی بحالی کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے فکر انگیز خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں حکومت نے امریکی حکومت کے تعاون سے توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔ یو ایس ایڈ کے تعاون سے مظفرگڑھ تھرمل پاور پلانٹ کے پیداواری صلاحیت میں500میگاواٹ کا اضافہ کیا گیا ہے اور اب اس پلانٹ سے 1150میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم امریکہ کی حکومت اور یو ایس ایڈ کے حکام سے ساتھ امریکی سفیر اور قونصل جنرل کے بھی شکرگزار ہیں جنہوں نے ذاتی دلچسپی لے کر اس منصوبے کو بحال کیا ہے ۔ امریکی حکومت پاکستانی حکومت کے ساتھ پانی سے توانائی کے حصول کے منصوبوں میں بھی بھر پور تعاون کررہی ہے اوریہ اشتراک کار لائق تحسین ہیں ۔اس کے ساتھ یو ایس ایڈ پاکستان میں متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کے منصوبوں میں بھی اشتراک کار کو بڑھارہا ہے ۔ خصوصاً ونڈ اور سولرسے توانائی کے حصول کے منصوبوں میں امریکی تعاون قابل تعریف ہے۔

پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں 100میگاواٹ کا سولر منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل کیا ہے جبکہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت بہاولپور میں 100میگاواٹ کا سولر منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ بلاشبہ سی پیک چین کی حکومت کا پاکستان کے عوام کے لئے ایک عظیم تحفہ ہے اور اس کے تحت ساہیوال میں 1320میگاواٹ کا کول پاور پراجیکٹ ،پورٹ قاسم میں 1320میگاواٹ کا منصوبے سمیت ملک کے دیگر صوبوں میں متعدد پراجیکٹس پر تیزرفتاری سے کام ہورہا ہے ۔پنجاب حکومت اور وفاقی حکومت نے گیس کی بنیاد پر 3600میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے کارخانے لگانے کے منصوبوں کو سنگ بنیاد رکھ دیا ہے اور یہ منصوبے 2017ء میں مکمل ہوں گے،جس سے ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی اوراندھیرے دور ہوں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے انتھک محنت کر رہے ہیں اوران کی قیادت میں اڑھائی برس کے دوران مخلصانہ کاوشوں کے ٹھوس نتائج سامنے آئے ہیں۔ توانائی ہوگی تو غربت میں کمی آئے گی، روزگارکے نئے مواقع پیدا ہوں گے اورمعیشت کا پہیہ رواں دواں ہوگا۔

تعلیم ،صحت اوردیگر سماجی شعبوں کی بہتری کے لئے یو ایس ایڈ کا تعاون لائق تحسین ہے۔پاکستان اور امریکہ کے درمیان 68برس سے تعلقات موجود ہیں اوربعض ادوار میں ان تعلقات میں عروج و زوال آتا رہا ہے تاہم باہمی احترام کے رشتے میں یہ تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف کے حالیہ دورہ امریکہ سے دونوں ملکوں کے مابین دوستی کا رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔ 2017ء میں نیشنل گرڈ میں ہزاروں میگاواٹ بجلی شامل ہونے سے ملک میں چھائے اندھیرے روشنیوں میں تبدیل ہو جائیں گے۔ گزشتہ حکومت نے توانائی بحران کے خاتمے پر کوئی توجہ نہیں دی جس کے باعث پاکستان اندھیروں میں چلا گیا۔ عوام کی ترقی اور خوشحالی توانائی بحران کے جلد خاتمے سے جڑی ہے، اس لئے توانائی کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے دن رات ایک کر رکھا ہے۔ ہائیڈل، کوئلے، سولر، گیس، ونڈ اور دیگر متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں حکومت توانائی بحران کے خاتمے کیلئے درست سمت گامزن ہے اور اربوں روپے کی سرمایہ کاری توانائی کے منصوبوں میں کی گئی ہے۔ 2017ء پاکستان میں روشنیوں اور ترقی کا سال ہوگا او رملک میں سرمایہ کاری کی ریل پیل ہوگی۔ امریکی حکومت اور یو ایس ایڈ کے تعاون سے مظفرگڑھ تھرمل پاور سٹیشن کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کر دیا گیا ہے۔ 1993ء میں قائم ہونیوالے تھرمل پاور کی پیداواری صلاحیت 1300 میگاواٹ سے کم ہو کر 650 میگاواٹ تک آ گئی تھی۔ ڈیڑھ ارب روپے کی سرمایہ کاری سے نئی مشینری کی تنصیب، پاور سٹیشن کے قیام سمیت دیگر اقدامات کرکے پیداواری صلاحیت 650 میگاواٹ سے 1150 میگاواٹ تک کر دی گئی ہے۔ 2017 میں ہزاروں میگاواٹ بجلی بڑھنے سے زراعت، صنعت، تعلیم، صحت، تجارت اور دیگر شعبے ترقی کریں گے۔ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور غربت و افلاس کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور مظفرگڑھ تھرمل پاور پلانٹ پر مل کر کام کرنے سے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

وزیراعلیٰ نے مظفرگڑھ سے واپسی پر ملتان میٹرو بس پراجیکٹ کا فضائی جائزہ بھی لیا اور ملتان میٹرو بس پراجیکٹ کے مختلف روٹس کا فضا سے معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملتان میٹرو بس پراجیکٹ پنجاب حکومت کے سابق منصوبوں کی طرح شفافیت اور معیار کا شاہکار ہوگا اور اس منصوبے کو بھی تیزی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔میٹرو بس پراجیکٹ نے عوام کو جدید ، معیاری اور باکفایت سفری سہولتیں فراہم کی ہیں اور میٹرو بس سسٹم نے ٹرانسپورٹ کے کلچر میں نمایاں تبدیلی پیدا کی ہے۔

یو ایس ایڈ مشن کے ڈائریکٹر جون گرورکے(Mr. John Groarke) اور امریکی قونصل جنرل زیچرے ہارکین رائیڈر نے مظفرگڑھ تھرمل پاور پلانٹ کی بحالی کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی توانائی بحران کے خاتمے میں انتھک کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ عوام کے حقیقی لیڈر ہیں جو عوام کو توانائی کی کمی کے مسئلے سے نجات دلانے کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے توانائی منصوبوں میں سرمایہ کاری لانے کیلئے انتھک محنت کی ہے اوربلاشبہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی جانب سے اندھیرے دو ر کرنے کیلئے کاوشیں لائق تحسین ہیں اور شہبازشریف توانائی منصوبوں کو عملی شکل دینے میں کامیاب رہے ہیں۔امریکی حکومت توانائی بحران کی کمی پر قابو پانے کیلئے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔

مزید :

کالم -