تجارتی خود مختاری حاصل کیے بغیر پاکستان اقوام عالم میں سرخرو نہیں ہو سکتا، صاحبزادہ سلطان احمد علی

تجارتی خود مختاری حاصل کیے بغیر پاکستان اقوام عالم میں سرخرو نہیں ہو سکتا، ...

راولپنڈی ( کامرس ڈیسک) موجودہ دور میں خاص طور پر پاکستان کے مستقبل اور اقوام عالم میں مسلمانوں کی حالت زار پر چیمبر کی طرف سے اس طرح کی فکری نشست کا اہتمام خوش آئند ہے بطور قوم اور بطور ملک ہم کئی مشکلات و مصائب سے گزرے ہیں ہمیں فخر ہے کہ ہمیں علامہ محمد اقبال جیسے مفکر اور قائد اعظم محمد علی جناح جیسے لیڈر ملے آج کی تنزلی اور پستی کی بڑی وجہ ان دو شہر ہ آفاق ہستیوں کے افکار اور پیغامات سے دوری ہے سیاسی ،مذہبی اور مسلکی انتہاپسندی کی بڑی وجہ معاشرتی رویے ہیں جو آدمیت اور انسانیت کی بجائے قومیت اور نسل کی بنیاد پر فروغ پا رہے ہیں ان خیالات کا اظہارمسلم انسٹی ٹیوٹ کے چیئر مین صاحبزادہ سلطان احمد علی نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجروں کے ساتھ ایک فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صدر چیمبر راجہ عامر اقبال، سینئر نائب صدر راشد وائیں، نائب صدر عاصم ملک، سابق صدور سید علی رضا، میاں ہمایوں پرویز، مجلس عاملہ کے اراکین افضال بٹ، یونس ڈار، فیصل شہزاد، بلال مقبول، تاجر تنظیمیوں کے نمائندوں شیخ صدیق، چوہدری اقبال، طاہر تاج بھٹی، خواجہ مشتاق اور تاجروں کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔

صاحبزادہ سلطان احمد علی نے اپنے خطاب میں چیمبر کے صدر اور دوسرے عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی اور تجارتی خود مختاری حاصل کیے بغیر پاکستان اقوام عالم میں سرخرو نہیں ہو سکتا علامہ اقبال نے بھی سرمایا داری اور اشتراکی نظام کو مسترد کرتے ہوئے صرف اسلام کے اقتصادی نظام کو عالم انسانی کے لیے مفید اور قابل عمل قرار دیا ہے اس سے پہلے صدر راولپنڈی چیمبر راجہ عامر اقبال نے فکری نشست سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ تاجر برادری پر بھاری زمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ معاشی انصاف کا پرچار کرے دولت کی منصفانہ تقسیم کے ساتھ ساتھ فلاح عامہ کے لیے ما ل و دولت کا خرچ یقینی بنائے ہمیں عملی انسان بننا ہو گا فلاحی ، اسلامی اور اقتصادی لحاظ سے مضبوط معاشرے کے تعمیر و تشکیل کے لیے ہمیں آگے بڑھنا ہو گا اور تیزی کے ساتھ بدلتی ہوئی جہتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں وقت کی نزاکت کا احساس کرنا ہو گا دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے ہر مقام پر اصلاحات اور تبدیلیاں لانے کی ضرورت ہے فکری نشست میں سوال و جواب کا دور بھی چلا جس میں شرکا ء نے قیام پاکستان، معاشی مشکلات، افکار اقبال اور جناح کے تصور پاکستان پر سیر حاصل خیالات کا اظہار کیاآخر میں مہمان خصوصی کو شیلڈ پیش کی گئی۔

مزید : کامرس