گندم کے کاشتکاروں کیلئے تربیتی پروگراموں کے دوسرے مرحلہ کا آغاز
فیصل آباد(بیور ورپورٹ )گندم کے کاشتکاروں کو جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہی فراہم کرنے کیلئے تربیتی پروگراموں کے دوسرے مرحلہ کا آغاز کردیا گیاہے جو 31 دسمبر تک جاری رہے گا ۔ محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ پہلے مرحلہ میں محکمہ زراعت کی ٹیموں نے ضلع کے 809 دیہاتوں میں تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کرکے ہزاروں کاشتکاروں اور کسانوں کو گندم کے بیج کی اقسام ، ان کی کوالٹی ، وقت کاشت ، شرح بیج ، زمین کی تیاری ، کھادوں کے استعمال اور پہلے پانی کے متعلق مکمل آگاہی فراہم کی ۔ انہوں نے بتایاکہ پہلا مرحلہ یکم اکتوبر سے شروع کیاگیا تھا جو گزشتہ روز ختم ہو گیا ہے جس کے بعد اب دوسرے مرحلہ کاآغاز کردیاگیاہے ۔
انہوں نے بتایاکہ اس مرحلہ میں کاشتکاروں کو کھاد کی فراہمی ، آبپاشی اور سردی و کورے کے دوران فصل کو موسمی تغیرات سے بچانے سمیت دیگر ضروری امور کے بارے میں آگاہ کیاجائیگا۔ انہوں نے بتایاکہ تربیتی پروگرامز کے انتہائی مفید نتائج حاصل ہوئے ہیں کیونکہ کاشتکاروں کی تربیت اور انہیں ہزاروں معلوماتی پمفلٹس کی فراہمی سے گندم کی مطلوبہ رقبہ پر کاشت کے ہدف میں معاونت حاصل ہو گی جس سے پیداوار کا ٹارگٹ بآسانی پوراکیاجاسکے گا۔