مہنگائی کی شرح میں اضافے کا تسلسل جاری

مہنگائی کی شرح میں اضافے کا تسلسل جاری

کراچی(اکنامک رپورٹر)مہنگائی کی شرح میں اضافے کا تسلسل جاری گزشتہ ہفتے کے دوران کم آمدنی والے طبقہ کیلئے افرط زر کی شرح میں 0.11فیصد بڑھ گئی جبکہ8 ہزار روپے ماہانہ آمدنی والوں کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ (ایس پی آئی)212.24 پوائنٹس سے بڑھ کر 212.47 پوائنٹس ہوگیا۔پاکستان بیورو برائے شماریات(ایف بی ایس)کے اعداد و شمار کے مطابق 17 نومبر کو اختتام پذیر ہونیوالے ہفتے کے دوران کمبائنڈ گروپ کیلئے افراط زر کی شرح میں 0.11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اس دوران ایس پی آئی 220.70 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جو اس سے پچھلے ہفتے 220.45 پوائنٹس تھا۔گزشتہ سال اس ہفتے کے مقابلے میں کمبائنڈ گروپ کیلئے ایس پی آئی میں 0.51 فیصد اضافہ ہوا، ہفتہ وار افراط زر کا تعین 17 شہری مراکز میں 53 اشیائے ضروریہ کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

ایف بی ایس کے مطابق 8001 روپے سے 12000روپے، 12001روپے سے 18000روپے، 18001روپے سے 35000روپے اور اس سے زائد آمدنی کے حامل مختلف گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.10 فیصد، 0.11فیصد، 0.11فیصد اور 0.12فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔مذکورہ ہفتے کے دوران 11 اشیائے ضروریہ کی قمیتوں میں کمی اور 10 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 32 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

مزید : کامرس