معاشی ترقی میں دلچسپی لینے پر چین کے شکر گزار ہیں،حاجی اکرم

معاشی ترقی میں دلچسپی لینے پر چین کے شکر گزار ہیں،حاجی اکرم
 معاشی ترقی میں دلچسپی لینے پر چین کے شکر گزار ہیں،حاجی اکرم

  


لاہور (پ ر)لاہور چیمبر آف کامرس آزاد گروپ کے نائب صدر حاجی محمداکرم نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم پاکستان کی معاشی ترقی میں دلچسپی لینے اور مفادات کا تحفظ کرنے پر چین کی شکر گزار ہے۔ پہلی مرتبہ پاکستان اور چین نے مشترکہ طور پر تجارتی قافلہ بھجوایا ہے جبکہ پہلی مرتبہ گوادر بندرگاہ کے ذریعے اتنی بڑی تعداد میں تجارتی اشیاء برآمد کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی حکومتوں اور پاکستان کی مسلح افواج کی بدولت چین پاکستان اکنامک کاریڈور منصوبہ کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے جس سے صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے خوش نصیب ممالک میں سے ایک ہے کیونکہ اسے چین جیسا بہترین دوست اور ہمسایہ میسر ہے۔حاجی محمد اکرم نے کہا کہ اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ ہورہا ہے لیکن دونوں ممالک کی پوٹینشل اس سے کہیں زیادہ ہے اور باہمی تجارت باآسانی پندرہ ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے تاجر پاکستان کے کارپٹس، لیدر، آلات جراحی، کھیلوں کے سامان، پھلوں، سبزیوں، چاول، فارماسیوٹیکل اور زراعت کے شعبوں سے بھرپور فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1