شاہین اُڑنا بھول گئے ، دوسری اننگ میں 129رنز پر 7وکٹیں گرگئیں

شاہین اُڑنا بھول گئے ، دوسری اننگ میں 129رنز پر 7وکٹیں گرگئیں

کرائسٹ چرچ(سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نیوزی لینڈ کی پوزیشن بہتر ہوگئی ہے، ٹیسٹ کے تیسرے روز کیوی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 67 رنز کی برتری کے ساتھ 200 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، راحت علی نے چار وکٹیں حاصل کیں، پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں کھیل کے اختتام پر 7 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنا لئے اور اسے 62 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ اسد شفیق 6 اور سہیل خان 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ ٹرینٹ بولٹ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ میں ٹیسٹ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 104 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 67 رنز کی برتری کے ساتھ 200 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، جیت راول 55 رنزکے ساتھ نمایاں رہے۔ ہینری نکولس 30 ، کولن ڈی گرینڈمور 29 ، بی جے واٹلنگ 18 ، ٹوڈ ایسٹل صفر، ٹم ساؤدی 22 ، نیل ویگنر 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ راحت علی نے چار جبکہ محمد عامر اور سہیل خان نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں کھیل کے اختتام پر 7 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنا لئے اور اسے 62 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ اظہر علی 31 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، سمیع اسلم 7، بابر اعظم 29 ، یونس خان ایک، کپتان مصباح الحق 13 ، سرفراز احمد دو اور محمد عامر چھ رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اسد شفیق 6 اور سہیل خان 22 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ ٹرینٹ بولٹ نے تین، نیل ویگنر نے دو جبکہ ٹم ساؤدی اور کولن ڈی گرینڈمور نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی