ڈوپلیسی پربال ٹمپرنگ کا الزام مضحکہ خیز ہے : ہاشم آملہ
ہوبارٹ (این این آئی)جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم نے کپتان فیف ڈوپلیسی کیخلاف بال ٹیمپرنگ کے الزام کو مضحکہ خیز اور ایک مذاق قرار دیدیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی افریقہ کے تجربہ بلے باز ہاشم آملہ کی سربراہی میں پوری ٹیم اور ٹیم انتظامیہ نے فیف ڈوپلیسی کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا۔فیف ڈوپلیسی ساتھی کھلاڑیوں کیساتھ موجود تھے لیکن کسی سوال کا جواب نہیں دیا ٗ ہاشم آملہ نے غیرمعمولی طریقے سے تقریر کے انداز میں گفتگو کی۔ہاشم آملہ نے کہا کہ جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ہماری پوری ٹیم یہاں پر موجود ہے اور اس کا مقصد جس کو ہم ایک مذاق سمجھتے ہیں اس کے خلاف یک جہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ اپریل نہیں ہے! فیف ڈوپلیسی کے خلاف الزامات ہمارے لیے مکمل طورپر ایک مضحکہ خیز چیز ہے اور ہم بطور ٹیم متحد ہیں اور ہمارے لیے بنیادی طور پر یہ ایک مذاق ہے۔آئی سی سی کے کی تفتیش پر پوچھے گئے ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ جو کچھ ہوا اس میں ہم نے کوئی غلط کام نہیں کیا اور فیف ڈوپلیسی نے قطعاً کوئی غلط کام نہیں کیا۔جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں کی جانب سے میدان میں چیونگم اور میٹھی چیزیں کھانے پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میں فیلڈنگ کے دوران ببل گم چباتا ہوں ٗ اس حوالے سے آپ کو منطق کا سہارا لینا پڑے گا اور سمجھ داری کو ہرصورت غالب ہونا چاہیے۔ہاشم آملہ نے اپنے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ میں صرف یہ واضح کرنے کی کوشش کررہا ہوں کہ اس کو ہم اپنے کپتان کے خلاف مکمل طورپرغلط الزام سمجھتے ہیں ٗہم اپنے کپتان کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے کھڑے ہیں جنھوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔