سعد رفیق کی زیر صدارت اجلاس سبی ہرنائی سیکشن منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایات

سعد رفیق کی زیر صدارت اجلاس سبی ہرنائی سیکشن منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل ...

لاہور(خبر نگار خصوصی)وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت ریلوے ہیڈ کوارٹرز آفس لاہور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کو سبی -ہرنائی سیکشن کی اپ گریڈیشن اور بحالی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر سینٹر نیشنل لاجسٹک سیل(NLC )بریگیڈیئرشاہد مجید کی سربراہی میں وفد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس سیکشن پر تیزی سے کام جاری ہے۔ 49فیصد فزیکل پراگریس مکمل کر لی گئی ہے۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سبی ہرنائی سیکشن پر سٹیشنوں کی اپ گریڈیشن اور بحالی جدید تقاضوں، بہترین معیار اور مجوزہ ڈیزائن کے مطابق کی جائے۔ مردوں کے علاوہ عورتوں کیلئے علیحدہ بیٹھنے کی جگہ بنائی جائے اور بالخصوص نماز کی ادائیگی کیلئے عورتوں کیلئے جگہ کا بندوبست لازمی کیا جائے۔ اس سیکشن پر سکیورٹی کے انتظامات کیلئے مستقبل کی پلاننگ ضروری ہے، جس کیلئے ابھی سے لائحہ عمل بنایا جائے۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے سبی ہرنائی سیکشن پر اب تک ہونے والی پیش رفت کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔واضح رہے کہ مذکورہ سیکشن عرصہ دراز سے سیلاب اور دہشت گردوں کی مذموم کاروائیوں کی وجہ سے متاثر ہوا اور ریلوے کو اسے بند کرنا پڑا۔ اب اس سیکشن کی بحالی کیلئے خصوصی اقدامات کرتے ہوئے نیشنل لاجسٹک سیل(NLC ) کی خدمات لی گئی ہیں۔اجلاس میں ٹرین سیفٹی کے حوالے سے بھی ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور مزید اقدامات کرنے کے حوالے سے بھی احکامات جاری کیے۔

مزید : صفحہ آخر