گورنر سندھ سے چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی ملاقات، جلد مکمل صحت یابی کیلئے دعا

گورنر سندھ سے چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی ملاقات، جلد مکمل صحت یابی کیلئے دعا

کراچی(آن لائن)گورنر سندھ جسٹس( ر)سعید الزماں صدیقی سے چیف جسٹس پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی نے ہفتہ کے روز ملاقات کی۔ چیف جسٹس نے گورنر سندھ کی عیادت کی اور ان کی جلد مکمل صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔ملاقات ڈیڑھ گھنٹہ تک جاری رہی۔ چیف جسٹس نے اس موقع پر کہا کہ امید ہے گورنر سندھ جلد مکمل صحت یابی کے بعد اپنے فرائض منصبی سنبھال لیں گے۔گورنر سندھ جسٹس(ر) سعید الزماں صدیقی نے نیک خواہشات پر چیف جسٹس کا شکر یہ ادا کیا اور کہا کہ وہ صحت یابی کے لئے دعا کرنے والوں کے بھی مشکور ہیں انہوں نے مزید کہا کہ وہ جلد اپنی آئینی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔دریں اثناء گورنر سندھ جسٹس(ر)سعید الزماں صدیقی سے جسٹس(ر)ناصر اسلم زاھد نے بھی ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔دونوں نے اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

مزید : صفحہ آخر