کرپشن اور نا انصافی نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے :محمد عاطف خان

کرپشن اور نا انصافی نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے :محمد عاطف خان

مردان (بیورورپورٹ) خیبرپختونخوا کے وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ کرپشن اور نا انصافی نے ملک کو تباہی کے دہانے پرپہنچا دیا ہے۔ ایزی لوڈ کے ذریعے بھرتیوں کا دور گزر چکا ہے اور اب تمام اداروں میں میرٹ کے ذریعے بھرتیاں ہو رہی ہیں۔اب تک محکمہ تعلیم میں 40ہزار اساتذہ میرٹ کے ذریعے بھرتی کئے ہیں اور مزید 15ہزار میرٹ کے ذریعے بھرتی کر رہے ہیں۔وہ گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول سکندری کورونہ کی افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب اور بعدازاں شمولیتی جلسے سے خطاب کر رہے تھے ۔محمد عاطف خان نے کہا کہ جب تک ملک سے کرپشن ختم نہیں ہوگی اس وقت تک ملک ترقی کے منازل طے نہیں کر سکتا،ملک میں امیر اور غریب کے لئے الگ الگ قوانین بنائے گئے ہیں، غریب اگر چوری کریں تو انہیں جیل کے سلاخوں کے پیچھے کھڑا کر دیا جاتا ہے لیکن بڑے بڑے چور آزاد گھوم رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام باخبر ہیں کہ پولیس کے بلٹ پروف جیکٹ اور اسلحہ میں کس نے کرپشن کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ مال،تعلیم،صحت اور پولیس میں بہتری آئی ہے اور لوگوں کے تعاون سے دیگر اداروں میں بھی اصلاحاتی ایجنڈے پر کام شروع ہے اور ان میں بھی تبدیلی کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ہے لیکن 68سال گزرجانے کے باوجود اس ملک کو مخلص قیادت نہیں ملی جس کی وجہ سے یہاں کے عوام مختلف مشکلات سے دوچار ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان امید کی آخری کرن ہے اور اگر لوگوں نے 2018کے انتخابات میں عمران خان کو وزیر اعظم بنا دیا تو لوگوں کی تمام محرومیوں کا ازالہ ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے چلتی ہے اور کسی کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں کو بے جا خرچ کریں۔انہوں نے کہا کہ سکندری کے معصوم بچیوں کے چہروں پر خوشی دیکھ کر ا نہیں انتہائی خوشی ہو رہی ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم نے سکندری میں 7کروڑ روپے کی لاگت سے ساڑھے چار کلو میٹر سڑک،گلی کوچوں اور نالیوں کی پختگی کے لئے 6کروڑ روپے کا اعلان کیا۔اس موقع پر مجاہد شاہ،امجد کونسلراور یگر نے مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

مزید : کراچی صفحہ اول