اسکاؤٹ تحریک بچوں کی کردارسازی کیلئے مفید ہے ،حسن فیروز

اسکاؤٹ تحریک بچوں کی کردارسازی کیلئے مفید ہے ،حسن فیروز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام گلستان اسکاؤٹس کراچی میں منعقد ہونے والے گروتھ آ ف اسکاؤٹنگ کیمپ کی افتتاحی تقرب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس (ر) سید حسن فیروز نے کہا کہ اسکاؤٹ تحریک کے ذریعہ بچوں کو ملک کا مفید اور با کردار شہری بنانے کا عمل قابل ستائش ہے انہوں نے کیمپ کے انعقاد پر سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن اور گروتھ آف اسکاؤٹنگ کے کمشنر سید خالد شاہ کو مبارکباد پیش کی ۔ جسٹس (ر) حسن فیروز نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوانوں کی درست سمت میں رہنمائی انہیں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتی ہے ۔ اس حوالے سے اسکاؤٹنگ کا کردار قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے سندھ کے تمام اضلاع سے اسکاؤٹس کی شرکت پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔ اس مو قع پر اسکاؤٹس نے مختلف ٹیبلوز پیش کئے جبکہ تقریب سے کمشنر گروتھ آف اسکاؤٹنگ سید خالد شاہ اور صوبائی سیکریٹری اختر میراور طارق علی نے بھی خطاب کیا ۔ دن بھر مختلف سرگرمیوں کے ذریعہ اسکاؤٹس کو ٹریفک پولیس کے ذریعہ ٹریفک رولز سے آگہی دینے کے ساتھ طبی امدادی طریقوں سے واقفیت اور دیگر سرگرمیوں سے متعارف کرایا گیا ۔ دوران کیمپ منعقد ہونے والے اسپورٹس گالا کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ایسٹ کے چیئرمین معید انور اور وائس چیئرمین عبد الرؤف خاں تھے جبکہ آئی ٹی کے ماہر رافع بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ اسپورٹس گالا میں اسکاؤٹس نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا اور اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔ اس موقع پر مہمانان کو کیمپ کے سووینئرز بھی پیش کئے گئے ۔ رات کو اسکاؤٹس نے کیمپ فائر میں حصہ لیا ۔