سنجے لیلا ہار گئے ،انتہاپسند جیت گئے ،پدماوتی کی ریلیز معطل کر دی گئی

سنجے لیلا ہار گئے ،انتہاپسند جیت گئے ،پدماوتی کی ریلیز معطل کر دی گئی
سنجے لیلا ہار گئے ،انتہاپسند جیت گئے ،پدماوتی کی ریلیز معطل کر دی گئی

  



ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)فلم ساز اور ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی”پدماوتی“ کے خلاف ہندو انتہاپسند تنظیموں کی جانب سے گزشتہ 2 سال سے مظاہرے اور احتجاج جاری تھے، تاہم جیسے جیسے فلم کی نمائش کے دن قریب آتے گئے، ان میں شدت آتی گئی،بالآخر ہندو انتہاپسند اپنے منصوبے میں کامیاب ہوگئے، اور فلم کی ٹیم کو مجبورا’ ’پدماوتی‘ ‘کی نمائش موخر کرنا پڑی۔

انتہاپسندوں نے جہاں شوٹنگ کے دوران بھی فلم کی ٹیم پر حملہ کیا تھا، وہیں انہوں نے فلم کو نمائش کے لیے پیش کیے جانے پر بھارت کی مختلف ریاستوں میں سینما گھروں کو جلانے کی دھمکی بھی دے رکھی تھی۔ہندو انتہاپسندوں کا سلسلہ صرف سینما گھروں کو جلانے تک محدود نہیں رہا، بلکہ انہوں نے فلم میں ”پدماوتی‘ ‘کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ ”دپیکا پڈوکون“ کا ناک کاٹنے کی دھمکی بھی دی۔

ان انتہاپسندوں کا خیال ہے کہ فلم میں راجپوتوں کی رانی’ ’پدمنی“ جسے’ ’پدماوتی“ بھی کہا جاتا تھا، اس کی کہانی کو تبدیل کرکے پیش کیا جائے گا۔

انتہاپسندوں نے فلم کی نمائش کے دن یعنی یکم دسمبر کو بھارت بھر میں مظاہرے کرنے اور بڑے پیمانے پر سینما گھروں کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دے رکھی تھی، جس کے بعد اب فلم کی ٹیم نے اس کی نمائش موخر کردی۔

مزید : تفریح