مقررہ نرخوں پر ایشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں : میاں عثمان

مقررہ نرخوں پر ایشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں : میاں ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر) پرائس کنٹرول کمیٹی کے چیئرمین میاں عثمان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے وژن کے مطابق عوام کو معیاری اشیاء کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں ،صارفین اپنے حقوق کیلئے خود بھی شعور کا مظاہرہ کریں اور سرکاری ریٹ لسٹ سے زائد ہرگزقیمت ادا نہ کریں ،گرا ں فروشی پر جرمانہ یا سزا بھگتنے والے دکانداروں کی مستقل نگرانی کا نظام بھی لایا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روزاپنی رہائشگاہ پر صارفین کے حقوق کیلئے قائم تنظیم کے عہدیداروں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ملاقات کیلئے آنے والوں نے چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تجویز دی کہ صارفین کے حقوق کیلئے یونین کونسل کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں جن سے فیڈ بیک حاصل کیا جائے ۔ میاں عثمان نے تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں مشاورت کر کے جلد عملی اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ صارفین کے حقوق کا ہر سطح پر تحفظ کیا جائے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام گراں فروشی کرنے والے دکانداروں کا خود بھی محاسبہ کریں اور سرکاری ریٹ لسٹ سے زاہد ہرگزادائیگی نہ کریں ،ایسے دکانداروں کے خلاف فوری شکایت درج کرائی جائے جس پر ضابطے کی کارروائی مکمل کرکے یقینی طو رپر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دکانداروں کا یہ موقف ہرگز درست نہیں کہ تھوک مارکیٹو ں سے مہنگے داموں اشیاء خرید کر سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت نہیں کر سکتے ۔نہ صرف تھو ک مارکیٹ بلکہ سبزی منڈی میں بھی قیمتوں کوباقاعدگی سے چیک کیا جاتا ہے اور اس حوالے سے ایک میکنزم موجود ہے اور یہاں بھی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ شکایات سبزی فروشوں کے خلاف موصول ہوتی ہیں جن پرروزانہ کی بنیاد پر کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ گراں فروشی پر جرمانہ یا سزا بھگتنے والے دکانداروں کی مستقل نگرانی کا نظام بھی لایا جارہا ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1