پنجابب میں گنے کا کرشنگ سیزن 25نومبر سے شروع ہوگا قیمت 180روپے فی من مقرر

پنجابب میں گنے کا کرشنگ سیزن 25نومبر سے شروع ہوگا قیمت 180روپے فی من مقرر

لاہور(اے پی پی )صوبہ پنجاب میں گنے کے کرشنگ سیزن کا آغاز 25نومبر سے ہو جائیگا ،گنے کی فی من قیمت 180روپے مقرر کر دی گئی، پنجاب شوگر فیکٹریز کنٹرول ایکٹ 1950ء کے تحت کرشنگ سیزن 30 نومبر تک شروع کرنا ہوتا ہے اگر کوئی شوگر مل کرشنگ شروع نہیں کرے گی تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی،اسسٹنٹ کین کمشنر پنجاب سبط الحسن نے اے پی پی کو بتایا کہ25نومبر سے 30نومبر تک تمام شوگر ملز کرشنگ کا عمل شروع کر دیں گی،انہوں نے بتایا کہ کسانوں کو گنے کی بروقت اور مقرر کردہ نرخوں پر ادائیگی یقینی بنانے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کرتی ہے، اس سلسلہ میں ضلعی سطح پر ڈسٹرکٹ شوگر کین پرچیز‘ مانیٹرنگ اینڈ ایگزامینگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کا چیئرمین متعلقہ ضلع کا ڈی سی ہوتا ہے جبکہ ممبران میں متعلقہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر‘ تحصیل کا اسسٹنٹ کمشنر اور کاشتکاروں کے نمائندے شامل ہوتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ان کمیٹیوں کی طرف سے گزشتہ سیزن میں ہزاروں کین پرچیز سنٹرز کی انسپکشن کی گئی جبکہ کم تول اور گنے کی قیمت کی کم ادائیگی کی متعدد شکایات موصول ہوئیں ، مختلف شکایات پر کئی پرچیز سنٹر ز سیل بھی کئے گئے علاوہ ازیں کئی خریداری مراکز کے خلاف پراسیکیوشن اور مقدمات کا اندراج کیا گیا اور جرمانہ کیا گیا،گنے کی مقرر ہونیوالی امدادی قیمت کے مطابق شوگر مل اورخریداری مراکز پر کسانوں کو ملنے والے معاوضہ میں فرق کے حوالے سے انہوں نے بتایاکہ قانون کے مطابق شوگر ملز سے 40 کلومیٹر کے اندر اندر خریداری مراکز پر مقررہ قیمت کے مطابق کسانوں کوادائیگی کرنا ہوتی ہے اور 40 کلومیٹر سے زیادہ فاصلے پر ٹرانسپورٹیشن کی مد میں خریداری مراکز پر کاشتکاروں سے وصول کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں شکایات کی صورت میں کاشتکار متعلقہ ضلعی کمیٹی کو اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں جو ان کی شکایات کا ازالہ کرتی ہے۔

مزید : کامرس