سیاسی شعبدہ بازوں نے قوم کا وقت برباد کیاہے،آزاد تبسم

سیاسی شعبدہ بازوں نے قوم کا وقت برباد کیاہے،آزاد تبسم

لاہور(نمائندہ پاکستان)مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی آزاد علی تبسم نے کہا ہے کہ جھوٹ اور بے بنیاد الزامات کی سیاست کرنے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ ترقی کے پہیے کو روکنا کیا عوام کی خدمت ہے؟ عوام کی خدمت سے یکسر عاری عناصر کو ملک کی ترقی ایک آنکھ نہیں بھاتی۔سیاسی شعبدہ بازوں نے عوام کی خدمت کی بجائے قوم کا وقت برباد کیاہے۔ الزامات اور منفی سیاست کرنے والوں کا سیاسی مستقبل تاریک ہے۔ 2018 کے انتخابات میں عوام منفی سیاست کرنے والوں کو مسترد کر دیں گے۔ہم نے ہمیشہ عوام کی خدمت کو عبادت کا درجہ دیا ہے۔پاکستان ہمارا ہے اور ہم سب نے مل کر اسے سنوارنا ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام بے بنیاد الزامات اور جھوٹ کی سیاست نہیں بلکہ ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ اپنے صوبے میں بدترین کارکردگی دکھانے والے صرف دشنام طرازی کی سیاست کر رہے ہیں۔ جھوٹ کے منصوعی سہارے کے ذریعے باشعور عوام کو گمراہ نہیں کیا جاسکتا۔ جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے ۔اس لئے ہر موقع پر جھوٹ بولنے والوں کو ندامت کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ سچ اور حق ہر قدم پر سرخرو ہوا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1