سردی میں اضافہ ، گرم کپڑوں کی خریداری عروج پر ، لنڈا بازار لوگوں کا رش

سردی میں اضافہ ، گرم کپڑوں کی خریداری عروج پر ، لنڈا بازار لوگوں کا رش

  



لاہور( افضل افتخار) سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی گرم کپڑوں کی خریداری عروج پر پہنچ گئی اور لوگوں نے مہنگائی کے اس دو ر میں سستے کپڑوں کی خرید کے لئے لنڈا بازار سمیت دیگر سستے بازاروں کا رخ کرلیا جہاں پر خریداروں کی گہماگہمی عروج پر ہے تفصیل کے مطابق سردی کی آمد کے ساتھ ہی لاہور کے لنڈا بازار سمیت پرانی انارکلی، ریلوے اسٹیشن نولکھا ،میو ہسپتال کے وسط میں واقع بازاروں میں سستے داموں کپڑوں کی فروخت کے باعث عوامی رش بڑھ گیا ہے اور جبکہ لاہور شہر کے اتوار بازاروں میں بھی سٹالز پر گرم کپڑوں کی بڑی تعداد فروخت کے لئے موجود ہے جس میں ہر عمر کے لوگوں کے کپڑے سستے داموں بک رہے ہیں۔روز نامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے لوگوں نے اس حوالے سے کہا کہ لنڈا بازار سمیت سستے بازاروں میں ہم خریداری کرتے ہیں اور یہاں پر ہمیں سستے داموں کپڑے مل جاتے ہیں اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے راحیل اور شرجیل نے کہا کہ ہم ہر سال سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی لنڈا بازار کا رخ کرتے ہیں اور یہاں پر ہمیں سستے داموں اپنی پسند کے کپڑے بآسانی مل جاتے ہیں اس مہنگائی کے دور میں جس طرح یہاں پر ہمیں کپڑے مل جاتے ہیں یہ ہمارے لئے بہت خوشی کی بات ہے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سالرہ اور راحیلہ نے کہا کہ اس مہنگائی کے دور میں سستے داموں کپڑوں کی خرید ہمارے لئے ایک چیلنج ہوتا ہے مگر اتوار بازاروں میں کپڑے مل جاتے ہیں اور ہم اپنے اور اپنے بچوں کے کپڑے یہاں سے خرید لیتے ہیں اور ساری سردیاں ہماری گزر جاتی ہے اور ہمارے پیسے بھی بچ جاتے ہیں ورنہ اس مہنگائی کے دور میں ہم بڑے بڑے شاپنگ مالز سے کپڑے خریدنے کا تو سوچ بھی نہیں سکتے۔ عروج اور فاطمہ نے کہا کہ مہنگائی کے دور میں سستے بازار ہمارے لئے ایک بہت بڑی غنمیت ہے اور ہم اس کا بھرپور فائدہ بھی اٹھاتے ہیں اور خوشی اس بات کی ہے کہ یہاں پر ہر سائز کے کپڑے بہت سستے داموں مل جاتے ہیں عادل اور پرویز نے کہا کہ ہم تو گرمیوں میں ہی گرم کپڑے خرید لیتے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ اس وقت یہ کپڑے سستے مل جاتے ہیں اور اس وقت مہنگائی کے دور میں مہنگے بازاروں سے کپڑے خریدنا بہت مشکل ہے اور حکومت کو چاہئیے کہ اس حوالے سے اقدامات کرتے ہوئے مہنگائی کم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے اور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے دانش اور عامر نے کہا کہ لنڈا بازار سے بہت اچھے اور معیاری کپڑے مل جاتے ہیں اور ان کی قیمت بھی بہت زیادہ نہیں ہوتی ہے اور ہم ہر سال یہاں سے ہی گرم خریدتے ہیں اوربہت سستے دام کپڑے مل جاتے ہیں ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1