ٹماٹر کی درآمدات پر پابندی سے تقریباً100 ارب روپے کی بچت ہوئی ‘ رپورٹ

ٹماٹر کی درآمدات پر پابندی سے تقریباً100 ارب روپے کی بچت ہوئی ‘ رپورٹ

لاہور( این این آئی)ٹماٹر کی درآمدات پر پابندی سے تقریباً100 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق 2015-16 میں پاکستان نے7.916ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کرکے بھارت سمیت دیگر ممالک سے 233246ٹن ٹماٹر درآمد کئے تھے۔امسال نامناسب موسم کی وجہ سے بلوچستان اورخیبرپختونخواہ میں ٹماٹر کی فصل متاثرہونے کی وجہ سے ٹماٹر کی کمی دیکھنے میں آئی تاہم اب چند روز میں یہ کمی دور ہوجائے گی ۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ٹماٹر کی سالانہ پیداوار 543160 ٹن ہے جس میں سے 106229 ٹن پنجاب پیدا کرتا ہے۔ پاکستان میں پنجاب ٹماٹر کی پیداوار کا 19فیصدحصہ پیدا کر کے تیسرے نمبر پر ہے جبکہ سندھ 35فیصد پیداوار کے ساتھ پہلے، بلوچستان 27 فیصد پیداوار کے ساتھ دوسرے اور خیبرپختونخواہ16فیصد پیدا کرتا ہے۔

مزید : کامرس