ویمنز ایشز، انگلینڈ کی دوسرے ٹی 20میں آسٹریلیا کوشکست
کینبرا( آن لائن) ویمنز ایشز، انگلینڈ نے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں آسٹریلیا کو 40 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1۔1 سے برابر کر دی۔ آسٹریلیا ویمن 153 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ جینی گن نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ کیتھرین برنٹ کو آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کی بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ملٹی فارمیٹ کے مطابق آسٹریلیا ویمن کو سیریز میں چھ کے مقابلے میں آٹھ پوائنٹس کی برتری حاصل ہے، ایشز کے فاتح کا فیصلہ تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز منوکا اوول، کینبرا میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں انگلینڈ ویمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔نیتلی سکیور 40 ، کیتھرین برنٹ (ناٹ آؤٹ) 32 اور سیرا ٹیلر 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ میگان شوٹ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلیا ویمن مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 18 اوورز میں 112 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ علیزا ہیلی 24 جبکہ بیتھ مونی اور ڈیلیسا کمینس 17 ، 17 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں۔ جینی گن نے تباہ کن باؤلنگ کی اور 13 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔